کتاب 1: باب مَا يُذْكَرُ فِي الإِشْخَاصِ وَالْخُصُومَةِ بَيْنَ الْمُسْلِمِ وَالْيَهُودِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2410
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: عبدالملک بن میسرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نزال بن سَبرہ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ایک شخص کو سنا۔ اُس نے ایک آیت اس طرح پڑھی کہ میں نے وہ آیت نبیؐ سے بالکل اور طرح سنی تھی۔ میں نے اُس کا ہاتھ پکڑا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم دونوں ہی ٹھیک پڑھتے ہو۔ شعبہ نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا: آپس میں اختلاف نہ کیا کرو کیونکہ تم سے جو پہلے تھے انہوں نے آپس میں اختلاف کیا اور وہ ہلاک ہو گئے۔
صحیح بخاری 2411
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ اور عبدالرحمن اعرج سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دو اشخاص نے آپس میں گالی گلوچ کی۔ ایک مسلمان تھا اور ایک یہودی۔ مسلمان نے کہا: اُس ذات کی قسم! جس نے حضرت محمد ﷺ کو تمام قوموں میں سے بہتر سمجھ کر منتخب کیا۔ تو یہودی نے کہا: اُس ذات کی قسم! جس نے حضرت موسٰی ؑ کو تمام قوموں میں سے بہتر سمجھ کر منتخب کیا۔ اس پر مسلمان نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہودی کے منہ پر تھپڑ لگایا۔ وہ یہودی نبی ﷺ کے پاس گیا اور اُس نے جو واقعہ اُس کے اور مسلمان کے درمیان گزرا تھا، وہ بیان کیا۔ نبی ﷺ نے اُس مسلمان کو بلایا اور آپؐ نے اس سے اس (شکایت) کی بابت دریافت فرمایا۔ اُس نے آپؐ سے سارا ماجرا بیان کیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: موسٰی ؑ پر مجھے فضیلت نہ دو؛ کیونکہ لوگ قیامت کے روز بے ہوش ہو جائیں گے۔ میں بھی اُن کے ساتھ بے ہوش ہوں گا اور میں ہی پہلا ہوں گا جسے ہوش آئے گا۔ تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ موسٰی ؑ عرشِ الٰہی کا پایہ پکڑے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا آیا وہ بھی اُن میں سے تھے جو بے ہوش ہوئے اور پھر انہوں نے مجھ سے پہلے ہوش سنبھالا، یا وہ اُن میں سے تھے جنہیں اللہ نے مستثنیٰ کیا تھا۔
صحیح بخاری 2412
موسیٰ بن اسماعیل نے مجھے بتایا۔ وہیب نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک یہودی آیا اور اُس نے کہا: اے ابوالقاسم ! آپؐ کے ساتھیوں میں سے ایک شخص نے میرے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔ آپؐ نے پوچھا : کس نے ؟ اُس نے کہا: انصار میں سے ایک شخص نے۔ آپؐ نے فرمایا: اُسے بلاؤ۔ (جب وہ آیا) آپؐ نے (اُس سے ) پوچھا: کیا تم نے اسے مارا ہے؟ اُس نے جواب دیا: میں نے اس (یہودی) کو بازار میں یہ قسم کھاتے سنا تھا کہ اس ذات کی قسم! جس نے حضرت موسٰیؑ کو تمام لوگوں سے بہتر سمجھ کر چن لیا ہے۔ میں نے کہا: او خبیث! حضرت محمدﷺ پر بھی۔ مجھے غصہ آیا اور میں نے اس کے منہ پر طمانچہ مارا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: انبیاء کو ایک دوسرے پر (اس طرح) فضیلت نہ دیا کرو کیونکہ لوگ قیامت کے دن بے ہوش ہو جائیں گے اور میں پہلا ہوں گا جو زمین پھٹنے پر باہر نکلوں گا اور میں کیا دیکھتا ہوں کہ موسٰیؑ عرش کے پایوں میں سے ایک پایہ پکڑے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا، آیا وہ اُن میں سے تھے جو بے ہوش ہوئے یا پہلے کی بے ہوشی ہی اُن کے لئے کافی سمجھی گئی۔
صحیح بخاری 2413
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھروں سے کُچلا۔ اُس (لڑکی) سے پوچھا گیا کہ تیرا سر کس نے کُچلا ہے؟ کیا فلاں نے یا فلاں نے؟ جب اُس یہودی کا نام لیا گیا تو اُس نے اپنے سر سے اشارہ کیا۔ وہ یہودی پکڑا گیا اور اُس نے اقرار کیا تو نبی ﷺ نے اس کے متعلق حکم دیا۔ تب اُس کا سر بھی دو پتھروں سے کُچلا گیا۔