کتاب 4: باب كَلاَمِ الْخُصُومِ بَعْضِهِمْ فِي بَعْضٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2416
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص قسم کھائے اور وہ اُس میں جھوٹا ہو اور اس (قسم) کے ذریعے سے کسی مسلم کا مال مار لے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اُس سے ناراض ہوگا۔ کہا کہ حضرت اشعثؓ کہتے تھے: بخدا یہ بات تو (آپؐ نے) میری ہی نسبت (فرمائی) تھی۔ (واقعہ یہ ہوا کہ) میری اور ایک یہودی کی مشترکہ زمین تھی تو اُس نے میرے حق کا انکار کر دیا۔ میں نے نبی ﷺ کے سامنے اُسے پیش کیا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے پوچھا: کیا تمہارے پاس شہادت ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: آپؐ نے اس یہودی سے کہا: قسم کھائو۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قسم کھالے گا اور میرا مال لے جائے گا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی پونجی لیتے ہیں۔
صحیح بخاری 2417
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص قسم کھائے اور وہ اُس میں جھوٹا ہو اور اس (قسم) کے ذریعے سے کسی مسلم کا مال مار لے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اُس سے ناراض ہوگا۔ کہا کہ حضرت اشعثؓ کہتے تھے: بخدا یہ بات تو (آپؐ نے) میری ہی نسبت (فرمائی) تھی۔ (واقعہ یہ ہوا کہ) میری اور ایک یہودی کی مشترکہ زمین تھی تو اُس نے میرے حق کا انکار کر دیا۔ میں نے نبی ﷺ کے سامنے اُسے پیش کیا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے پوچھا: کیا تمہارے پاس شہادت ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: آپؐ نے اس یہودی سے کہا: قسم کھاؤ۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قسم کھا لے گا اور میرا مال لے جائے گا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی پونجی لیتے ہیں۔
صحیح بخاری 2418
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا، (کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبداللہ بن کعب بن مالک سے، عبداللہ نے حضرت کعب رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے (حضرت عبد اللہ) بن ابی حَدْرَدْ ؓ سے مسجد میں اپنے قرض کا تقاضا کیا جو اُن کے ذمہ تھا۔ اُن دونوں کی آوازیں اِتنی بلند ہوئیں کہ وہ رسول اللہ ﷺ نے بھی سنیں حالانکہ آپؐ اپنے گھر میں تھے۔ اس پر آپؐ اُن کی طرف آئے اور اپنے حجرے کا پردہ اُٹھا کر آواز دی: کعبؓ ! انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! حاضر ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے اس قرضے سے اتنا چھوڑ دو، اور اُن کو اشارہ سے بتایا یعنی آدھا۔ حضرت کعبؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے چھوڑ دیا۔ تب آپؐ نے (عبداللہ ؓ سے) فرمایا: اُٹھو اور اس کا قرضہ ادا کرو۔
صحیح بخاری 2419
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے عبدالرحمن بن عبدالقاری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ہشام بن حکیم بن حزامؓ کو سورۃ فرقان جیسے میں پڑھا کرتا تھا اس کے سوا دوسری طرح پڑھتے سنا۔ اور مجھے یہ (سورۃ) رسول اللہ ﷺ نے پڑھائی تھی اور قریب تھا کہ میں اُن پر لپک پڑتا مگر میں نے انہیں اتنی مہلت دی کہ انہوں نے نماز پڑھ لی۔ اُس کے بعد میں نے اُن کی چادر سینے سے پکڑ کر انہیں کھینچا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آیا۔ میں نے کہا: (سورۂ فرقان) جس طرح آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی اس کے خلاف (ہشام کو) اور طرح پڑھتے سنا ہے۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: ان کو چھوڑ دو۔ پھر آپؐ نے اُن سے کہا: پڑھو۔ چنانچہ انہوں نے پڑھا۔ آپؐ نے فرمایا: اسی طرح نازل ہوئی ہے۔ اس کے بعد آپؐ نے مجھ سے فرمایا: تم پڑھو اور میں نے پڑھی تو آپؐ نے فرمایا: اسی طرح نازل ہوئی ہے۔ (پھر فرمایا:) قرآن سات اُسلوب پر نازل ہوا ہے۔ تم اُس میں سے جو بھی آسان ہو پڑھو۔