کتاب 10: باب التَّقَاضِي
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2425
اسحاق (بن راہویہ) نے ہمیں بتایا کہ وہب بن جریر بن حازم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو ضحی سے، انہوں نے مسروق سے، مسروق نے حضرت خبابؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں زمانہ جاہلیت میں لوہار تھا اور عاص بن وائل کے ذمّے میرے کچھ درہم قرضہ تھے۔ میں اس کے پاس آیا اور اس سے تقاضا کرنے لگا۔ اُس نے کہا: میں تجھے اُس وقت تک نہیں دوں گا جب تک کہ تو محمدؐ کا انکار نہ کرے۔ میں نے کہا: بخدا ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا۔ اگر اللہ تجھے مار کر پھر اُٹھا بھی دے تب بھی محمد ﷺ کا انکار نہیں کر سکتا۔ اس نے کہا: مجھے پھر مرنے دو۔ دوبارہ زندہ ہو کر مال بھی ملے گا اور اولاد بھی۔ پھر تمہارا قرض چکائوں گا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی: کیا تو نے اُس شخص کو دیکھا جس نے اللہ کے حکموں کا انکار کیا اور اُس نے کہا: مجھے مال اور اولاد ضرور دئیے جائیں گے۔