کتاب 2: باب ضَالَّةِ الإِبِلِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2427
عمرو بن عباس نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمن (بن مہدی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ربیعہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) منبعث کے غلام یزید نے مجھے بتایا کہ حضرت زید بن خالد جُہنیؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بدوی نبیﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے ان چیزوں کی نسبت پوچھا جو وہ گری پڑی اٹھا لیتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ایک سال تک اسے شناخت کرائو اور اس کی تھیلی اور بندھن محفوظ رکھو۔ اگر (مالک) آجائے اور وہ تمہیں اس کا صحیح صحیح پتہ بتائے تو اس کے سپرد کردو، ورنہ اس کو اپنے کام میں لائو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بھولی بھٹکی بکری ہو (تو اس کے متعلق کیا ارشاد ہے؟) آپؐ نے فرمایا: وہ تیری یا تیرے بھائی کی یا بھیڑئیے کی ہے۔ اُس نے کہا: بھولا بھٹکا اونٹ ہو؟ اس پر نبیﷺ کے چہرے کا رنگ بدلا۔ آپؐ نے فرمایا: تجھے اس سے کیا غرض؟ اس کے پاس پائوں ہیں اور اس کی مشک ہے۔ پانی پی لیتا ہے اور درختوں سے کھا لیتا ہے۔