کتاب 4: باب إِذَا لَمْ يُوجَدْ صَاحِبُ اللُّقَطَةِ بَعْدَ سَنَةٍ فَهْىَ لِمَنْ وَجَدَهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2429
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن سے، ربیعہ نے منبعث کے آزاد کردہ غلام یزید سے، یزید نے حضرت زید بن خالدؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اُس نے آپؐ سے گری پڑی چیز کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کی تھیلی اور اس کا بندھن پہچان رکھو اور پھر سال بھر تک اس کا اعلان کرتے رہو۔ اگر اُس کا مالک آگیا تو بہتر ورنہ جو چاہو کرو۔ اس نے پوچھا: بھولی بھٹکی بکری ہو تو اس کے متعلق کیا حکم ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ تمہاری ہے یا تمہارے بھائی کی یا بھیڑئیے کی۔ اس نے پوچھا: بھولا بھٹکا اُونٹ ہو تو اُس کے متعلق کیا ارشاد ہے؟ آپؐ نے فرمایا: تجھے اس سے کیا غرض؟ اس کے ساتھ اس کی مشک ہے اور اس کے پائوں ہیں۔ پانی پی لیتا ہے اور درختوں سے کھاتا ہے، یہاں تک کہ اس کا مالک اس سے آملتا ہے۔