کتاب 9: باب إِذَا جَاءَ صَاحِبُ اللُّقَطَةِ بَعْدَ سَنَةٍ رَدَّهَا عَلَيْهِ، لأَنَّهَا وَدِيعَةٌ عِنْدَهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2436
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن سے، ربیعہ نے منبعث کے غلام یزید سے، یزید نے حضرت زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے گری پڑی چیز کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے ایک سال تک شناخت کراتے رہو۔ پھر اس کے بعد اس کا بندھن اور اس کا تھیلہ پہچان رکھو اور اسے اپنے مصرف میں لے آئو۔ اگر اس کا مالک آجائے تو وہ چیز اس کے حوالے کر دو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! اور جو بھولی بھٹکی بکری ہو؟ آپؐ نے فرمایا: اسے لے لے کیونکہ وہ تیری ہے یا تیرے بھائی کی یا بھیڑئیے کی۔ اس شخص نے کہا: یا رسول اللہ! اور بھولا بھٹکا اُونٹ ہو؟ (حضرت زیدؓ) کہتے تھے: اس پر رسول اللہ ﷺ کو غصہ آیا یہاں تک کہ آپؐ کے دونوں رخسار سرخ ہوگئے یا (کہا:) آپؐ کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ آپؐ نے فرمایا: تجھے اس سے کیا۔ اس کے ساتھ اس کے پائوں ہیں اور اس کی مشک ہے۔ یہاں تک کہ اس کا مالک اس کو آملتا ہے۔