کتاب 11: باب مَنْ عَرَّفَ اللُّقَطَةَ، وَلَمْ يَدْفَعْهَا إِلَى السُّلْطَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2438
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ رَبِيعَةَ عَنْ يَزِيدَ مَوْلَى الْمُنْبَعِثِ عَنْ زَيْدِ بْنِ خَالِدٍ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ أَعْرَابِيًّا سَأَلَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم عَنِ اللُّقَطَةِ قَالَ " عَرِّفْهَا سَنَةً فَإِنْ جَاءَ أَحَدٌ يُخْبِرُكَ بِعِفَاصِهَا وَوِكَائِهَا وَإِلاَّ فَاسْتَنْفِقْ بِهَا ". وَسَأَلَهُ عَنْ ضَالَّةِ الإِبِلِ فَتَمَعَّرَ وَجْهُهُ قَالَ " مَا لَكَ وَلَهَا مَعَهَا سِقَاؤُهَا وَحِذَاؤُهَا تَرِدُ الْمَاءَ وَتَأْكُلُ الشَّجَرَ دَعْهَا حَتَّى يَجِدَهَا رَبُّهَا ". وَسَأَلَهُ عَنْ ضَالَّةِ الْغَنَمِ. فَقَالَ " هِيَ لَكَ أَوْ لأَخِيكَ أَوْ لِلذِّئْبِ ".
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ربیعہ سے، ربیعہ نے منبعث کے غلام یزید سے، یزید نے حضرت زید بن خالد رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ ایک بدوی نے نبی ﷺ سے گری پڑی چیز کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا ایک سال اعلان کرتے رہو۔ اگر کوئی ایسا آجائے جو تمہیں اس کے تھیلے اور اُس کے بندھن کا پتہ دے تو اسے دے دو۔ ورنہ اسے اپنے مصرف میں لے آئو۔ اور اس نے آپؐ سے بھولے بھٹکے اُونٹ کی نسبت پوچھا۔ اس پر آپؐ کا چہرہ (غصہ سے) سرخ ہوگیا اور آپؐ نے فرمایا: تجھے اس سے کیا؟ اس کے ساتھ اس کی مشک ہے اور اس کے پائوں۔ پانی پی لیتا ہے اور درختوں سے کھاتا ہے۔ اسے رہنے دو کہ اس کا مالک اسے تلاش کرلے۔ اور اس نے آپؐ سے بھولی بھٹکی بکری کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ تیری ہے یا تیرے بھائی کی یا بھیڑئیے کی۔
10 von 10 heute frei