کتاب 46: كتاب المظالم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2440
اسحاق بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ معاذ بن ہشام نے ہمیں خبر دی (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو المتوکل ناجی سے، انہوں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو سعیدؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب مومن دوزخ سے نجات پائیں گے وہ جنت اور دوزخ کے درمیان ایک پل پر روک دئیے جائیں گے۔ پھر وہ ایک دوسرے سے ان ظلموں کا بدلہ لیں گے جو دنیا میں ان کے درمیان ہوئے۔ یہاں تک کہ جب وہ ہر نقص سے پاک و صاف کر دئیے جائیں گے تو ان کو جنت میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اُسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے؛ اُن میں سے ہر شخص جنت میں اپنے اپنے ٹھکانے سے متعلق زیادہ علم رکھنے والا ہوگا، بہ نسبت اس علم کے جو وہ اپنے دنیاوی مکان کا رکھتا تھا۔ اور یونس بن محمد نے بھی کہا کہ شیبان نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے کہ ابو المتوکل نے ہمیں یہی بتایا۔
صحیح بخاری 2441
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: قتادہ نے صفوان بن محرز مازنی سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: ایک بار میں حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما کے ساتھ چلا جا رہا تھا اور ان کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھا کہ ایک شخص سامنے سے آیا اور اس نے کہا: آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے نَجْوَی (سرگوشی) کی نسبت کیا سنا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: اللہ مومن کو اتنا قریب کر لے گا کہ اس پر وہ اپنا سایۂ رحمت ڈالے گا اور اس کی پردہ پوشی کرے گا اور پوچھے گا: کیا تجھے فلاں گناہ معلوم ہے؟ کیا تجھے فلاں گناہ معلوم ہے؟ وہ کہے گا: اے میرے ربّ! ہاں۔ یہاں تک کہ جب وہ اس کے سارے گناہوں کا اقرار کرا لے گا اور وہ مومن اپنے دل میں سمجھے گا کہ وہ ہلاک ہو گیا تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا: میں نے دنیا میں تیرے ان گناہوں کی پردہ پوشی کی تھی اور میں آج بھی تیری پردہ پوشی کرتا ہوں۔ پھر اس کی نیکیوں کی کتاب اس کو دی جائے گی اور جو کافر و منافق ہوں گے تو سب گواہ کہیں گے: یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے ربّ پر جھوٹ باندھا۔ ہوشیار رہو، ظالموں پر اللہ کی لعنت ہو گی۔
صحیح بخاری 2442
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم نے انہیں خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، نہ خود اُس پر ظلم کرے اور نہ اسے (ظالم کے) سپرد کرے۔ اور جو شخص اپنے بھائی کے کام میں مشغول ہوگا، اللہ بھی اس کے کام میں مشغول رہے گا۔ اور جس نے کسی مسلمان سے کوئی تکلیف دور کی اللہ یومِ قیامت کی تکالیف میں سے ایک تکلیف اُس سے دور کرے گا۔ اور جس نے ایک مسلمان کی پردہ پوشی کی، اللہ بھی قیامت کے روز اُس کی پردہ پوشی کرے گا۔
صحیح بخاری 2443
عثمان بن ابی شیبہ نے ہمیں بتایا۔ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن ابی بکر بن انس اور حمید طویل نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اپنے بھائی کی مدد کر، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔
صحیح بخاری 2444
مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے، حمید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنے بھائی کی مدد کر، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ (صحابہؓ نے) کہا: یا رسول اللہ! مظلوم کی تو ہم مدد کریں گے کیونکہ وہ مظلوم ہے، لیکن ظالم ہو تو اُس کی کیسے مدد کریں؟ آپؐ نے فرمایا: اُس کے ہاتھوں کو پکڑ لو۔
صحیح بخاری 2445
سعید بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن سُلیم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے معاویہ بن سُوَید سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے سات باتیں کرنے کا حکم دیا اور سات باتوں سے منع فرمایا۔ پھر انہوں نے (اُن باتوں کا) ذکر کیا (جن کے کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ یعنی) بیمار کی عیادت اور جنازوں کے ساتھ جانا اور چھینک مارنے والے کا جواب دینا اور سلام کا جواب دینا اور مظلوم کی مدد کرنا اور دعوت کرنے والے کی دعوت قبول کرنا اور قسم دینے والے کی قسم پورا کرنا۔
صحیح بخاری 2446
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک مومن دوسرے مومن کے لئے ایسی عمارت کی طرح ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصہ کو مضبوط کرتا ہے اور (یہ کہہ کر وضاحت کے لئے) آپؐ نے ایک ہاتھ کی اُنگلیوں کو دوسرے ہاتھ کی اُنگلیوں میں ڈالا۔
صحیح بخاری 2447
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز ماجشون نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ظلم قیامت کے دن اندھیرے ہوں گے۔
صحیح بخاری 2448
یحيٰ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ وکیع نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا بن اسحاق مکی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن عبداللہ بن صیفی سے، یحيٰ نے حضرت ابن عباسؓ کے غلام ابومعبد سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت معاذؓ کو یمن کی طرف بھیجا اور آپؐ نے فرمایا: مظلوم کی بد دعا سے بچو کیونکہ اُس کے اور اللہ کے درمیان کوئی روک نہیں۔
صحیح بخاری 2449
آدم بن ابی ایاس نے ہمیں بتایا۔ ابن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا کہ سعید مقبری نے ہمیں بتایا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے دوسرے کی بے عزتی کی ہو یا کوئی اور ظلم کیا ہو تو چاہیے کہ ظلم کرنے والا اُس سے آج دنیا میں معاف کرالے، پیشتر اس کے کہ جب نہ دینار ہو گا نہ درہم۔ اگر اس کا کوئی نیک عمل ہوگا تو جس قدر مظلوم پر ظلم ہوگا، اس کے مطابق اس کے نیک اعمال سے لے لیا جائے گا اور اگر اس کی نیکیاں نہ ہوئیں تو مظلوم کی برائیاں لے کر اس ظالم پر ڈال دی جائیں گی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اسماعیل بن ابی اُوَیس کہتے تھے: (سعید کا) نام مقبری اس لئے ہوا کہ انہوں نے مقبرہ کے پاس ڈیرہ لگا لیا تھا۔ ابوعبداللہ نے کہا: اور سعید مقبری بنی لیث کے آزاد کردہ غلام تھے اور وہ وہی سعید ہیں جو ابوسعید کے بیٹے تھے اور ابوسعید کا نام کیسان ہے۔
صحیح بخاری 2450
محمد (بن مقاتل) نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ آیت وَاَنِ امْرَأْۃٌ… سے مراد یہ ہے کہ اگر کسی عورت کو اپنے خاوند کی طرف سے سختی، بدمعاملگی اور عدم توجہی (یا بے رغبتی) کا اندیشہ ہو تو وہ اپنا حق چھوڑ سکتی ہے۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: کوئی شخص ایسا ہو کہ جس کے نکاح میں ایسی عورت ہے جس سے وہ فائدہ اٹھانے کی امید نہیں رکھتا اور چاہتا ہے کہ اس سے علیحدہ ہو جائے اور وہ عورت اسے کہہ دے: میں تجھے اپنا حق معاف کرتی ہوں تو یہ آیت اس بارے میں نازل ہوئی تھی۔
صحیح بخاری 2451
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم بن دینار سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کو کوئی پینے کی چیز دی گئی تو آپؐ نے اس میں سے پیا اور آپؐ کے دا ہنی طرف ایک لڑکا اور آپؐ کے بائیں طرف عمر رسیدہ لوگ تھے۔ تو آپؐ نے اس لڑکے سے پوچھا: کیا تم مجھے اجازت دیتے ہو کہ میں یہ ان کو دے دوں؟ اس لڑکے نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں۔ یا رسول اللہ! آپؐ سے جو حصہ مجھے ملا ہے وہ تو میں اپنے آپ کو چھوڑ کر کسی اور کو دینے کا نہیں۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس کے ہاتھ میں وہ (پیالہ) رکھ دیا۔
صحیح بخاری 2452
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: طلحہ بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرحمن بن عمرو بن سہل نے ان کو بتایا کہ حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس شخص نے کسی زمین سے ناجائز طور پر کچھ لے لیا تو وہ سات زمینیں بن کر اس کے گلے کا طوق ہوگا۔
صحیح بخاری 2453
ہم سے ابو معمر نے بیان کیا (ابو معمر نے کہا:) ہمیں عبدالوارث نے بتایا کہ ہمیں حسین نے یحيٰ بن ابی کثیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے محمد بن ابراہیم نے بیان کیا کہ انہیں ابو سلمہ نے بتایا کہ اُن کے درمیان اور بعض لوگوں کے درمیان ایک زمین کا جھگڑا تھا۔ انہوں نے اُس کا ذکر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کیا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: اے ابو سلمہ! زمین (ناحق لینے) سے بچے رہنا کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: جو شخص بالشت برابر زمین پر ظلم سے قبضہ کرے گا اس کو قیامت کے دن سات زمینوں کا طوق پہنایا جائے گا۔
صحیح بخاری 2454
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن مبارک نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی زمین سے اپنے حق کے بغیر کچھ لیا وہ قیامت کے دن سات زمینوں تک دھنستا چلا جائے گا۔ فربری نے کہا کہ ابوجعفر بن ابی حاتم (ورّاق) نے کہا کہ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: یہ حدیث خراسان میں (عبداللہ) بن مبارک کی کتب میں نہیں ہے۔ انہوں نے بصرہ میں ان کو (یہ حدیث) لکھوائی۔
صحیح بخاری 2455
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ جبلہ (بن سُحَیم) سے روایت ہے کہ (انہوں نے کہا:) مدینہ میں ہم عراقیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ہم پر قحط آیا۔ ابن زبیر ہمیں کھجوریں کھانے کو دیا کرتے تھے اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما ہمارے پاس سے گذرتے تو کہتے کہ رسول اللہ ﷺ نے دو دو کھجوریں اکٹھی کھانے سے منع فرمایا ہے۔ البتہ اگر تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی سے اجازت لے لے۔
صحیح بخاری 2456
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت ابو مسعودؓ سے روایت کی کہ کسی انصاری شخص کا، جسے ابو شعیبؓ کہتے تھے ایک غلام تھا جو قصّاب تھا۔ ابو شعیبؓ نے اُسے کہا: میرے لئے پانچ آدمیوں کا کھانا تیار کرو۔ شاید میں نبی ﷺ کو دعوت دوں۔ آپؐ سمیت پانچ آدمی ہوں گے اور اس نے نبی ﷺ کے چہرے سے معلوم کیا کہ آپؐ کو بھوک ہے۔ چنانچہ اُس نے آپؐ کو کھانے کے لئے بلایا اور ان کے ساتھ ایک اور آدمی ہو لیا جو بلایا نہ گیا تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ بھی ہمارے ساتھ آگئے ہیں۔ کیا تم انہیں اجازت دیتے ہو؟ اُس نے کہا: ہاں۔
صحیح بخاری 2457
ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: آدمیوں میں سب سے زیادہ قابلِ نفرت اللہ کے نزدیک وہ آدمی ہے جو جھگڑالو ہو۔
صحیح بخاری 2458
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان سے،) صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی۔ حضرت زینب بنت امّ سلمہ نے انہیں بتایا کہ اُن کی ماں حضرت امّ سلمہ رضی اللہ عنہا نے جو نبی ﷺ کی زوجہ تھیں، رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ آپؐ نے اپنے حجرہ کے دروازے پر کچھ جھگڑا سنا۔ تو آپؐ اُن آدمیوں کے پاس آئے اور آپؐ نے فرمایا: میں ایک بشر ہی ہوں اور میرے پاس ایک فریق آتا ہے تو ہو سکتا ہے کہ تم میں سے کوئی دوسرے سے اپنے مطلب کو زیادہ خوبی سے بیان کرنے والا ہو اور میں سمجھ لوں کہ اس نے سچ کہا ہے اور اس کے بیان پر اس کے حق میں فیصلہ کر دوں۔ اس لئے اگر میں نے ایک شخص کو کسی مسلم کا حق (ناواجب طور پر) دِلانے کا فیصلہ کر دیا تو یقین کر لو کہ وہ صرف آگ کا ہی ایک ٹکڑا ہے جو اُسے دیا جا رہا ہے۔ چاہے اسے لے لے، چاہے اسے چھوڑ دے۔
صحیح بخاری 2459
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے عبداللہ بن مرّہ سے، عبداللہ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس میں چار خصلتیں ہوں وہ منافق ہے یا جس میں چار میں سے ایک خصلت پائی جاتی ہو تو اُس میں نفاق کی بھی ایک خصلت ہوگی، جب تک کہ وہ اُسے چھوڑ نہ دے۔ جب بات کرے گا تو جھوٹ بولے گا۔ جب وعدہ کرے گا تو خلاف ورزی کرے گا۔ اور جب عہد کرے گا تو دھوکا دے گا۔ اور جب جھگڑے گا تو بدزبانی کرے گا۔