کتاب 32: بَابُ هَلْ تُكْسَرُ الدِّنَانُ الَّتِي فِيهَا الْخَمْرُ أَوْ تُخَرَّقُ الزِّقَاقُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2477
ابو عاصم ضحاک بن مخلد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے سلمہ بن اَکوع رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے خیبر کی جنگ میں آگیں دیکھیں، جو جلائی جارہی تھیں۔ آپؐ نے پوچھا: یہ آگیں کس چیز کیلئے جلائی گئی ہیں؟ لوگوں نے کہا: پالتو گدھوں کا گوشت پکایا جارہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ان (ہانڈیوں) کو توڑ دو اور (جو اِن میں ہے) اس کو انڈیل دو۔ انہوں نے کہا: کیا ہم انہیں انڈیل کر دھو نہ لیں؟ آپؐ نے فرمایا: دھو لو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا کہ ابن ابی اویس (الْحُمُر الْاِنْسِیَّۃِ کی بجائے) الحُمُر الْاَنَسِیَّۃ (یعنی) الف اور نون کی زبر کے ساتھ کہا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 2478
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ابی نجیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر سے، ابومعمر نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں داخل ہوئے اور کعبہ کے اردگرد تین سو ساٹھ بت تھے۔ آپؐ انہیں ایک چھڑی سے جو آپؐ کے ہاتھ میں تھی مارتے اور یہ کہتے جاتے تھے: حق آیا اور باطل بھاگ گیا۔
صحیح بخاری 2479
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عمر سے، عبیداللہ نے عبدالرحمن بن قاسم سے، انہوں نے اپنے باپ قاسم سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے اپنے (حجرے کے) دالان میں ایک پردہ لٹکایا جس میں تصاویر بنی ہوئی تھیں۔ نبی ﷺ نے اُسے پھاڑ ڈالا۔ پھر حضرت عائشہؓ نے اُس سے دو گدّے بنائے اور وہ گھر میں رہے۔ آپؐ ان پر بیٹھا کرتے تھے۔