کتاب 7: باب شَرِكَةِ الْيَتِيمِ وَأَهْلِ الْمِيرَاثِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2494
عبدالعزیز بن عبداللہ عامری اُویسی نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عروہ نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا۔ اور لیث نے بھی کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اِس قول کے بارے میں پوچھا: وَاِنْ خِفْتُمْ… (حضرت عائشہؓ نے) کہا: میری بہن کے بیٹے! اس آیت میں اس یتیم لڑکی کا ذکر ہے جو اپنے ولی کی نگرانی میں ہو اور وہ ولی اس کی جائیداد میں بھی شریک ہو۔ اس کے ولی کو اس کا مال اور اس کی خوبصورتی پسند ہو اور وہ ولی اس سے شادی کرنا چاہے مگر وہ اس کے مہر میں انصاف نہ کرے۔ اسے اتنا نہ دے جو دوسرا اُس کو دیتا ہو۔ اس لئے ایسے لوگوں کو اس سے نکاح کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔ لیکن اگر لوگ ایسی یتیم لڑکیوں سے انصاف کریں اور جو عام رواج میں ان کے لئے اعلیٰ سے اعلیٰ مہر ہوسکتا ہو، اتنا انہیں دے دیں (تو وہ نکاح کرسکتے ہیں اور جو لوگ ایسا نہ کرسکیں) انہیں یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ وہ ان یتیم لڑکیوں کے سوا جو عورتیں انہیں پسند ہوں ان سے نکاح کرلیں۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: پھر لوگوں نے یہ آیت نازل ہونے کے بعد رسول اللہ ﷺ سے (ایسی لڑکیوں سے نکاح کرنے کی نسبت اس حکم کی) وضاحت چاہی تو اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: اُن عورتوں سے متعلق حکم کی وضاحت چاہتے ہیں … اور تم دل سے چاہتے ہو کہ تم انہی سے نکاح کرو اور اللہ تعالیٰ نے جو یہ ذکر فرمایا ہے: کہ تم پر کتاب میں پڑھا جا چکا ہے … تو اس سے مراد وہ پہلی آیت ہے جس میں فرمایا ہے: اگر تم ڈرو کہ یتیم لڑکیوں کے حق میں تم انصاف نہیں کروگے تو پھر دوسری عورتوں میں سے جو تمہیں پسند ہوں ان سے نکاح کرلو۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اور دوسری آیت میں اللہ تعالیٰ کا یہ فرمانا: تم دِلی خواہش رکھتے ہو کہ تم انہی سے نکاح کرو۔ اس سے مراد ایسی یتیم لڑکی سے شادی کرنے کی خواہش ہے جو تم میں سے کسی کی نگرانی میں ہو جبکہ وہ مال اور خوبصورتی کم رکھتی ہو تو چونکہ وہ انہیں پسند نہیں کرتے، اس لئے ان یتیم لڑکیوں کے ساتھ نکاح کرنے سے ان کو منع کیا گیا ہے، جن کے مال اور خوبصورتی کی وجہ سے وہ نکاح کرنے کی خواہش کرتے ہیں، سوائے اس کے کہ ان سے انصاف کریں۔