کتاب 14: باب الشَّرِكَةِ فِي الرَّقِيقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2503
مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبد اللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے کسی غلام میں اپنے حصہ کو آزاد کردیا تو اس پر واجب ہے کہ اس کو پورے طور پر سارا آزاد کرائے۔ بشرطیکہ اس کے پاس اتنا مال ہو جو اُس کی قیمت کے برابر ہو۔ اور غلام کی منصفانہ طور پر قیمت لگائی جائے اور اس میں جو شریک ہوں انہیں ان کا حصہ دے دیا جائے اور آزاد کردہ غلام کو جانے دیں۔
صحیح بخاری 2504
ابوالنعمان نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے نضر بن انس سے، نضر نے بشیر بن نہیک سے، بشیر نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اگر کسی شخص کا کسی غلام میں حصہ ہو اور وہ اپنا حصہ آزاد کردے تو غلام سارے کا سارا آزاد کر دیا جائے۔ بشرطیکہ آزاد کرنے والے کے پاس اتنا مال ہو (جو باقی حصہ داروں کو ادا کیا جا سکتا ہو) ورنہ غلام سے اتنی محنت کرائی جائے جس کا وہ متحمل ہو سکے (اور اس سے بقیہ قیمت ادا ہو۔)