کتاب 48: كتاب الرهن
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2508
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اپنی زِرہ جو کے عوض گرو رکھی تھی اور میں نبی ﷺ کے پاس جو کی روٹی اور بودار چربی لے کر گیا اور میں نے آپ کو یہ کہتے سنا کہ محمد ﷺ کے گھر والوں کے پاس صبح و شام کے لئے سوا ایک صاع (اناج) کے اور کچھ نہیں، بحالیکہ وہ نَو (۹) گھر ہیں (حیرت ہے۔)
صحیح بخاری 2509
مسدّد نے ہمیں بتایا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں خبر دی کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابراہیم (نخعی) کے پاس کوئی چیز ادھار خرید کر کوئی مملوکہ چیز گرو رکھنے اور ضمانت دینے کا ہم نے ذکر کیا تو ابراہیم نے کہا: اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ نبی ﷺ نے ایک یہودی سے مقررہ معیاد تک کے لئے ادھار پر کچھ اناج لیا اور آپؐ نے اس کے پاس اپنی زِرہ رہن رکھی۔
صحیح بخاری 2510
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی نسبت سخت گندہ دہنی کی ہے۔ اس پر محمد بن مسلمہؓ نے کہا: میں۔ چنانچہ وہ اس کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: ہم چاہتے ہیں کہ تم ہمیں ایک وسق (ایک من) یا دو وسق (دومن) غلّہ اُدھار دے دو۔ اس نے کہا: اپنی عورتیں میرے پاس گرو کردو۔ انہوں نے کہا: ہم اپنی عورتیں تمہارے پاس کیسے گرو رکھیں جبکہ تم عربوں میں سب سے زیادہ خوبصورت ہو۔ اُس نے کہا: پھر تم اپنے بیٹوں کو ہی میرے پاس گرو کردو۔ انہوں نے کہا: ہم تمہارے پاس اپنے بیٹے کیسے گرو رکھیں ان میں سے ایک کو طعنہ ملتا رہے گا۔ لوگ کہیں گے: ایک وسق یا دو وسق کے بدلے وہ گروی رکھا گیا تھا۔ یہ تو ہمارے لئے عار ہے۔ البتہ ہم تمہیں زرہ رہن کرتے ہیں۔ سفیان نے کہا: لَاْمَۃٌ سے مراد ہتھیار ہیں۔ اس نے محمد بن مسلمہؓ سے وعدہ کیا کہ وہ پھر اس کے پاس آئے تو انہوں نے اس کو مار ڈالا اور اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے واقعہ بیان کیا۔
صحیح بخاری 2511
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا (بن ابی زائدہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر سے، عامر نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آنحضرتؐ فرماتے تھے کہ گروی شدہ جانور پر اس وجہ سے کہ اس پر خرچ کیا جاتا ہے سواری کی جائے اور جو دودھ دینے والا جانور ہو اس کا دودھ بھی پیا جائے جبکہ وہ رہن ہو۔
صحیح بخاری 2512
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس جانور پر جو رہن ہو، سواری کی جائے کیونکہ اس کو چارہ دینے پر خرچ کیا جاتا ہے اور اسی طرح دودھ والا جانور بھی جو رہن ہو، دوہا جائے کیونکہ اس کے چارہ پر بھی خرچ کیا جاتا ہے اور جو شخص سواری کرے اور جو جانور کا دودھ پئے، اس کے ذمہ اس کے چارے کا خرچ ہوگا۔
صحیح بخاری 2513
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے ایک یہودی سے اناج خریدا اور اس کے پاس اپنی زِرہ رہن رکھی۔
صحیح بخاری 2514
خلّا د بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ کو (دو عورتوں کے مقدمہ میں) لکھا تو انہوں نے مجھے جواباً لکھا کہ نبی ﷺ نے فیصلہ فرمایا ہے کہ قسم مدعا علیہ سے لی جائے گی۔
صحیح بخاری 2515
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ کہتے تھے: جس شخص نے قسم کھائی کہ کسی مال کو اس قَسم کے ذریعے سے اپنا بنا لے اور وہ اس قَسم میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ نے اس قول کی تصدیق نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑا مول لیتے ہیں … دردناک عذاب ہے۔ (اخیر آیت) تک پڑھی۔ اس کے بعد حضرت اشعث بن قیسؓ ہمارے پاس آئے تو انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمن تم سے کیا باتیں کر رہے تھے؟ (ابو وائل نے) کہا: ہم نے ان سے یہ حدیث بیان کی۔ کہتے تھے: انہوں نے کہا: ابو عبدالرحمن نے سچ کہا ہے۔ یہ آیت بخدا میرے متعلق ہی اتاری گئی۔ میرے اور کسی شخص کے درمیان ایک کنوئیں کے بارے میں جھگڑا تھا۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لے گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے گواہ لائو یا وہ قسم کھائے۔ میں نے کہا: وہ تو قسم کھا لے گا اور پروا نہیں کرے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو ایسی قسم کھائے کہ وہ اس کے ذریعہ کسی مال کو اپنا بنانا چاہتا ہو حالانکہ وہ اس میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس کی تصدیق نازل کی۔ پھر (حضرت اشعثؓ نے) یہ آیت پڑھی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑا مول لیتے ہیں … اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔ تک۔
صحیح بخاری 2516