کتاب 3: باب رَهْنِ السِّلاَحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2510
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی نسبت سخت گندہ دہنی کی ہے۔ اس پر محمد بن مسلمہؓ نے کہا: میں۔ چنانچہ وہ اس کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: ہم چاہتے ہیں کہ تم ہمیں ایک وسق (ایک من) یا دو وسق (دومن) غلّہ اُدھار دے دو۔ اس نے کہا: اپنی عورتیں میرے پاس گرو کردو۔ انہوں نے کہا: ہم اپنی عورتیں تمہارے پاس کیسے گرو رکھیں جبکہ تم عربوں میں سب سے زیادہ خوبصورت ہو۔ اُس نے کہا: پھر تم اپنے بیٹوں کو ہی میرے پاس گرو کردو۔ انہوں نے کہا: ہم تمہارے پاس اپنے بیٹے کیسے گرو رکھیں ان میں سے ایک کو طعنہ ملتا رہے گا۔ لوگ کہیں گے: ایک وسق یا دو وسق کے بدلے وہ گروی رکھا گیا تھا۔ یہ تو ہمارے لئے عار ہے۔ البتہ ہم تمہیں زرہ رہن کرتے ہیں۔ سفیان نے کہا: لَاْمَۃٌ سے مراد ہتھیار ہیں۔ اس نے محمد بن مسلمہؓ سے وعدہ کیا کہ وہ پھر اس کے پاس آئے تو انہوں نے اس کو مار ڈالا اور اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے واقعہ بیان کیا۔