کتاب 4: باب إِذَا أَعْتَقَ عَبْدًا بَيْنَ اثْنَيْنِ أَوْ أَمَةً بَيْنَ الشُّرَكَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2521
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت ابن عمر) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس نے ایسے شخص کو آزاد کیا جو دو شخصوں کا مشترکہ غلام ہو۔ اگر وہ آزاد کرنے والا مالدار ہو تو غلام کی قیمت کا اندازہ کرکے آزاد کرنے والے سے وہ رقم لے کر دوسرے حصہ داروں کو ادا کی جائے پھر وہ غلام آزاد کردیا جائے۔
صحیح بخاری 2522
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنا وہ حصہ آزاد کرے جو کسی غلام میں رکھتا ہو اور پھر اس کے پاس اتنا مال ہو کہ جو اس غلام کی قیمت پوری کرے تو اس غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور وہ اپنے شریکوں کو ان کا حصہ دے دے اور غلام اس کی طرف سے آزاد ہو جائے گا ورنہ پھر اس کا جتنا حصہ آزاد ہوا، اتنا ہو گیا۔
صحیح بخاری 2523
عبید بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اُسامہ سے، ابو اُسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنا وہ حصہ جو کسی غلام میں ہے آزاد کرے تو اس کے ذمّے ہے کہ وہ اسے سارے کا سارا آزاد کرائے بشرطیکہ اس کے پاس اتنا مال ہو جو غلام کی قیمت کے برابر ہو۔ اگر اس کے پاس مال نہ ہو تو آزاد کرنے والے پر ہے کہ غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور جو اس نے آزاد کیا وہ حصہ اس کا آزاد کردیا جائے۔ مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر نے بھی عبیداللہ سے یہی حدیث نقل کرتے ہوئے ہمیں بتائی۔ انہوں نے اس کو مختصر بیان کیا۔
صحیح بخاری 2524
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس نے اپنا حصہ کسی غلام میں آزاد کردیا یا فرمایا اپنی شراکت کسی غلام میں آزاد کردی اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو غلام کی منصفانہ قیمت کے برابر ہو، (اس سے اتنی رقم لے کر حصہ داروں کو دے دی جائے گی) اور غلام آزاد ہوگا۔ نافع نے کہا: ورنہ پھر جو غلام کا حصہ آزاد ہو چکا وہ تو آزاد ہو ہی چکا۔ ایوب کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ یہ بات نافع نے خود کہی یا اس حدیث میں ہے۔
صحیح بخاری 2525
احمد بن مقدام نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھے خبر دی کہ وہ اس غلام یا لونڈی سے متعلق جو شریکوں کی مشترکہ ہو اور پھر حصہ داروں میں سے ایک اپنا حصہ آزاد کردے، یہ فتویٰ دیتے تھے کہ اب ایک حصہ آزاد کرنے والے کے ذمہ ہے کہ اسے سارا آزاد کرادے بشرطیکہ جس نے آزاد کیا ہے اس کے پاس اتنا مال ہو جو اس کی منصفانہ قیمت کے برابر ہو اور اس کے شریکوں کو ان کے حصے ادا کردئیے جائیں اور آزاد کردہ غلام چھوڑ دیا جائے۔ حضرت ابن عمرؓ اس فتوے کو نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے۔ اور لیث اور ابن ابی ذئب اور ابن اسحاق اور جویریہ اور یحيٰ بن سعید اور اسماعیل بن امیہ نے بھی یہی روایت اختصار سے نقل کی ہے۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت نقل کی۔