کتاب 7: باب إِذَا قَالَ رَجُلٌ لِعَبْدِهِ هُوَ لِلَّهِ وَنَوَى الْعِتْقَ، وَالإِشْهَادُ فِي الْعِتْقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2530
محمد بن عبداللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن بشر سے، محمد بن بشر نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ جب وہ مسلمان ہونے کے ارادہ سے آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا تو ان میں سے ہر ایک راستہ بھول کر اپنے ساتھی سے الگ ہوگیا۔ پھر وہ غلام اس کے بعد آگیا اور حضرت ابوہریرہؓ اس وقت نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوہریرہؓ یہ لو تمہارا غلام تمہارے پاس آگیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: سن لیجئے! میں آپؐ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ آزاد ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے جب وہ (مدینہ) پہنچے تھے، یہ شعر کہے تھے: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذا رساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی۔
صحیح بخاری 2531
عبیداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) ابواُسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے راستہ میں یہ شعر کہا تھا: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذارساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی کہتے تھے: اور میرا ایک غلام راستے میں مجھ سے بھاگ گیا۔ اسی طرح بیان کرتے تھے کہ جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے آپؐ سے بیعت کی۔ ابھی میں آپؐ کے پاس ہی تھا کہ وہ غلام بھی آگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: ابوہریرہؓ! یہ ہے تمہارا غلام۔ میں نے کہا: وہ اللہ کے لئے آزاد ہے۔ چنانچہ میں نے اسے آزاد کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ابوکریب نے ابواُسامہ سے جو روایت کی اس میں لفظ ’’آزاد‘‘ نہیں۔
صحیح بخاری 2532
شہاب بن عباد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا اور وہ مسلمان ہونا چاہتے تھے تو ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے راستہ بھول کر الگ ہو گیا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔ اس میں یوں ہے کہ سنئے! میں آپ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ اللہ کیلئے ہے۔