کتاب 8: باب أُمِّ الْوَلَدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2533
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاص کو وصیت کی کہ وہ زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو اپنے پاس لے لے۔ عتبہ نے کہا: وہ میرا بیٹا ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے وقت وہاں آئے تو سعد نے زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو لے لیا اور اس کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لائے اور عبد بن زمعہ کو بھی اپنے ساتھ لائے۔ سعد نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ اس نے مجھے وصیت کی تھی کہ وہ اس کا بیٹا ہے۔ عبد بن زمعہ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرا بھائی ہے جو (میرے باپ) زمعہ کی لونڈی کا بیٹا ہے۔ انہی کے بستر پر پیدا ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے زمعہ کی لونڈی کے بیٹے کی طرف غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ تمام لوگوں سے اس (عتبہ) کے بہت مشابہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہ یہ لڑکا تمہارے پاس رہے گا۔ (آپؐ نے یہ اس لئے فرمایا) کیونکہ یہ اپنے باپ کے بستر پر پیدا ہوا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت سودہؓ بنت زمعہ سے فرمایا: تم اس سے پردہ کیا کرو کیونکہ آپؐ نے دیکھا کہ وہ شکل میں عتبہ سے ہم مشابہ ہے اور حضرت سودہؓ نبی ﷺ کی زوجہ تھیں۔