کتاب 17: باب كَرَاهِيَةِ التَّطَاوُلِ عَلَى الرَّقِيقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2550
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی کہ نافع نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اگر غلام اپنے آقا سے خیر خواہی کرے اور اپنے ربّ کی عبادت اچھی طرح کرے، اس کا اس کو دوہرا ثواب ہوگا۔
صحیح بخاری 2551
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید (بن عبداللہ) سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسٰیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ غلام جو اپنے ربّ کی عبادت اچھی طرح کرتا ہو اور اپنے آقا کا حق اور جو خیر خواہی اور فرمانبرداری اس کے ذمہ ہے اس کو ادا کرے تو اس کو دو ثواب ملیں گے۔
صحیح بخاری 2552
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام بن منبِّہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے غلام سے یہ نہ کہے کہ اپنے ربّ کو کھانا کھلا اور اپنے ربّ کو وضو کرا{ اور اپنے ربّ کو پانی پلا، } بلکہ یوں کہے : سیدی، مولائی یعنی میرے آقا۔ اسی طرح تم میں سے کوئی اپنے غلام کو اے میرے غلام، اے میری لونڈی کہہ کر نہ پکارے بلکہ یہ کہے: اے نوجوان لڑکے یا اے نوجوان لڑکی یا کہے: اے میرے بچے۔
صحیح بخاری 2553
ابو نعمان نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی غلام میں اپنا حصہ آزاد کردے اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو اس کی قیمت کو پورا کرتا ہو تو غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور پھر وہ قیمت (شریک کو) دے کر غلام کو آزاد کر دیا جائے ورنہ وہ اتنا تو آزاد ہو چکا جتنا اسے کر دیا گیا ہے۔
صحیح بخاری 2554
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطّان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور وہ اپنی رعیت کے بارے میں جواب دِہ ہوگا۔ وہ حاکم بھی جو لوگوں پر مقرر ہے، اُن پر پاسبان ہے اور اس سے اپنے ماتحت لوگوں کے بارے میں باز پرس ہوگی، اور مرد بھی اپنے اہل بیت پر پاسبان ہے اور اس سے بھی ان کے بارے میں پوچھا جائے گا، اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر اور اس کی اولاد کی پاسبان ہے اور وہ بھی ان سے متعلق جوابدہ ہوگی اور غلام بھی اپنے آقا کے مال کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کے لئے پوچھا جائے گا۔ اچھی طرح سن لو! تم میں سے ہر شخص پاسبان ہے اور تم میں سے ہر شخص سے اس کی رعیت کی نسبت پوچھا جائے گا۔
صحیح بخاری 2555
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عبید اللہ (بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود) نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے سنا۔ یہ دونوں نبیؐ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب لونڈی زنا کرے تو اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ تیسری یا چوتھی بار فرمایا کہ ایسی لونڈی کو بیچ دو خواہ ایک رسی ہی کے بدلے۔
صحیح بخاری 2556
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عبید اللہ (بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود) نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے سنا۔ یہ دونوں نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب لونڈی زنا کرے تو اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ تیسری یا چوتھی بار فرمایا کہ ایسی لونڈی کو بیچ دو خواہ ایک رسی ہی کے بدلے۔