کتاب 1: باب إِثْمِ مَنْ قَذَفَ مَمْلُوكَهُ الْمُكَاتَبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2560
اور لیث نے کہا کہ یونس نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ عروہ نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: بریرہؓ اُن کے پاس آئیں اور اپنی مکاتبت کے بارے میں مدد چاہتی تھیں اور انہیں پانچ اوقیہ چاندی ادا کرنا تھا، جو پانچ سال میں قسط وار دینا تھی اور حضرت عائشہؓ چاہتی تھیں کہ آزاد کرائیں۔ انہوں نے (بریرہؓ سے) کہا: اگر میں ان کو ایک ہی دفعہ گن کر دے دوں، تو کیا تمہارے مالک میرے ہاتھ فروخت کر دیں گے کہ میں تمہیں خرید کر آزاد کروں گی اور تمہارے ترکہ کا حق مجھے ہو گا۔ تو بریرہؓ اپنے مالکوں کے پاس گئیں اور ان کے سامنے یہ بات پیش کی۔ تو انہوں نے کہا: ہرگز نہیں، بلکہ یہ حق وراثت ہمارا ہوگا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: یہ سن کر میں رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی اور آپؐ سے اس کا ذکر کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اسے خرید لو اور اسے آزاد کر دو، کیونکہ حق وراثت تو اس کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔ اِس کے بعد رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: ان لوگوں کی کیسی حالت ہے جو ایسی شرطیں کرتے ہیں، جو کتاب اللہ میں نہیں۔ جس نے کوئی ایسی شرط کی جو کتاب اللہ میں نہیں تو وہ شرط باطل ہو گئی۔ اللہ کی شرط ہی عمل کرنے کے زیادہ لائق ہے اور زیادہ پائدار ہے۔