باب 3: باب اسْتِعَانَةِ الْمُكَاتَبِ، وَسُؤَالِهِ النَّاسَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2563
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ بریرہؓ آئی اور اس نے کہا: میں نے اپنے مالکوں سے نو (۹) اَوقیے چاندی پر مکاتبت کی ہے۔ ہر سال ایک اوقیہ مجھے ادا کرنا ہے۔ اس لئے آپؓ میری مدد کریں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: اگر تمہارے مالک چاہیں کہ میں ان کو ایک ہی دفعہ گن کر دے دوں اور تمہیں آزاد کر دوں تو میں ادا کئے دیتی ہوں اور تمہارا حق وراثت میرا ہوگا۔ وہ اپنے مالکوں کے پاس گئی تو انہوں نے اس کی یہ بات نہ مانی۔ اس نے (حضرت عائشہؓ سے) کہا کہ میں نے تو یہ بات ان کے سامنے پیش کی تھی مگر انہوں نے انکار کردیا ہے، سوائے اس کے کہ حق وراثت انہی کا ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سنا اور مجھ سے دریافت فرمایا، تو میں نے آپؐ سے (سارا واقعہ) بیان کردیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے خرید لو اور آزاد کردو اور حق وراثت کی شرط ان سے ٹھہرا لو۔ حق وراثت تو اسی کا ہوگا جس نے آزاد کیا ہو۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: پھر رسول اللہ ﷺ لوگوں میں (خطبہ کے لئے) کھڑے ہوئے اور آپؐ نے اللہ کی حمد بیان کی اور اس کی تعریف کی۔ پھر فرمایا: اما بعد، تم میں سے بعض مردوں کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ ایسی شرطیں کرتے ہیں جو کتاب اللہ میں نہیں ہیں۔ جو شرط بھی کتاب اللہ میں نہیں وہ باطل ہے، اگر چہ سو شرطیں ہی کیوں نہ ہوں۔ اللہ کا حکم ہی زیادہ لائق ہے (کہ اس پر عمل کیا جائے) اور اللہ کی شرط ہی زیادہ مضبوط ہے۔ تم میں سے بعض لوگوں کی کیسی حالت ہے کہ ان میں سے ایک کہتا ہے کہ فلاں کو آزاد کردو اور حق وراثت میرا ہوگا۔ حق وراثت تو اس کا ہوگا جو آزاد کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah