کتاب 1: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2566
عاصم بن علی (ابوالحسین واسطی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سعید) مقبری سے، (سعید) مقبری نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اے مسلم خواتین! غور سے سنو۔ کوئی پڑوسن اپنی پڑوسن کو حقیر نہ سمجھے گو وہ بکری کا کھر ہی (بھیجے)۔
صحیح بخاری 2567
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالعزیز) بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے یزید بن رومان سے، یزید نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے عروہ سے کہا: میری بہن کے بیٹے! ہماری کبھی یہ حالت تھی کہ ہم ایک چاند دیکھتے، پھر دوسرا چاند دیکھتے۔ پھر تیسرا چاند دیکھتے؛ اس طرح دو مہینے گزر جاتے اور رسول اللہ ﷺ کے گھروں میں آگ نہیں جلتی تھی۔ میں نے کہا: خالہ! آپؓ کا گزارہ کن چیزوں پر ہوتا تھا؟ انہوں نے کہا: دو سیاہ چیزیں: کھجور اور پانی، مگر یہ بات تھی کہ رسول اللہ ﷺ کے کچھ انصاری ہمسائے تھے۔ ان کی دودھ دینے والی بکریاں تھیں اور وہ رسول اللہ ﷺ کو اپنے دودھ سے بطور تحفہ بھیجا کرتے تھے اور آپؐ ہم کو بھی پلاتے۔