کتاب 8: باب مَنْ أَهْدَى إِلَى صَاحِبِهِ وَتَحَرَّى بَعْضَ نِسَائِهِ دُونَ بَعْضٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2580
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: لوگ اپنے ہدیئے بھیجنے کے لئے میری باری کو زیادہ مناسب سمجھ کر انتظار کرتے تھے اور حضرت امّ سلمہ ؓ نے کہا: میری ساتھنیں سب میرے پاس اکٹھی ہوئیں (اور انہوں نے اس کے بارے میں کچھ کہا۔) میں نے آپؐ سے ذکر کیا تو آپؐ نے منہ پھیر لیا۔ (یعنی جواب نہیں دیا۔)
صحیح بخاری 2581
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے بھائی (عبدالحمید بن ابی اویس) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی ازواج دو ٹولیوں کی صورت میں تھیں۔ ایک میں عائشہؓ، حفصہؓ، صفیہؓ اور سودہؓ شامل تھیں اور دوسری میں امّ سلمہؓ اور رسول اللہ ﷺ کی باقی ازواج۔ اور مسلمانوں کو یہ علم ہو چکا تھا کہ رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہؓ کو زیادہ محبوب رکھتے ہیں، تو جب ان میں سے کسی کے پاس کوئی ایسا ہدیہ ہوتا جسے وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتا تھا تو وہ اسے پیش کرنے میں اس وقت کا انتظار کرتا جبکہ رسول اللہ ﷺ عائشہؓ کے گھر میں ہوتے۔ امّ سلمہؓ کے فریق نے (امّ سلمہؓ سے) باتیں کیں اور اُن سے کہا: رسول اللہ ﷺ سے کہو کہ لوگوں سے یہ فرمائیں کہ جو رسول اللہ ﷺ کے پاس کوئی ہدیہ بھیجنا چاہے تو آپؐ جس بیوی کے گھر میں بھی ہوں؛ وہ وہاں بھیج دیا کرے۔ جو انہوں نے کہا تھا امّ سلمہؓ نے وہ آپؐ سے کہہ دیا، تو آپؐ نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا اور ان ازواج نے (امّ سلمہؓ سے) پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے امّ سلمہ سے کہا کہ تم آنحضرت (ﷺ) سے پھر کہو۔ امّ سلمہؓ کہتی تھیں: جب آپؐ میری باری پر میرے ہاں آئے تو میں نے آپؐ سے پھر کہا، تو آپؐ نے پھر انہیں جواب نہ دیا اور اُن ازواج نے امّ سلمہؓ سے پوچھا، تو انہوں نے کہا: آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہیں دیا۔ تو ازواج نے پھر اُن سے کہا کہ تم آنحضرت (ﷺ) سے کہتی رہو، یہاں تک کہ آپؐ کچھ جواب دیں۔ جب آپؐ امّ سلمہؓ کے پاس باری پر آئے تو انہوں نے پھر کہا۔ آپؐ نے حضرت امّ سلمہؓ سے فرمایا: مجھے عائشہؓ کی وجہ سے تکلیف نہ دو کیونکہ وحی عائشہؓ کے سوا کسی اور بیوی کے بستر پر نہیں ہوئی۔ حضرت امّ سلمہؓ کہتی تھیں: {میں نے کہا:{ یا رسول اللہ! آپؐ کو تکلیف دینے سے اللہ کے حضور توبہ کرتی ہوں۔ پھر اس کے بعد ان ازواج نے رسول اللہ ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کو بلایا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس انہیں بھیجا کہ آپؐ سے کہیں کہ آپؐ کی ازواج حضرت ابوبکرؓ کی بیٹی سے متعلق انصاف کرنے کے لئے آپؐ کو (اللہ کی) قسم دیتی ہیں۔ چنانچہ حضرت فاطمہؓ نے آپؐ سے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: اے میری بیٹی! کیا تم وہ بات پسند نہیں کرتی جو میں پسند کرتا ہوں؟ (حضرت فاطمہؓ نے) کہا: کیوں نہیں اور وہ ازواج کے پاس لَوٹ آئیں اور انہیں بتایا تو انہوں نے کہا: تم آنحضرتؐ کے پاس پھر جاؤ تو حضرت فاطمہؓ نے پھر جانے سے انکار کر دیا۔ پھر انہوں نے حضرت زینب بنت جحشؓ کو بھیجا۔ وہ آپؐ کے پاس آئیں اور لب و لہجہ کچھ سخت تھا، یعنی انہوں نے کہا: آپؐ کی ازواج ابن ابی قحافہ کی لڑکی سے متعلق آپؐ کو انصاف کرنے کیلئے اللہ کی قسم دیتی ہیں اور اونچی آواز سے بولیں یہاں تک کہ حضرت عائشہؓ کو بھی برا بھلا کہنا شروع کر دیا اور حضرت عائشہؓ بیٹھی ہوئی تھیں۔ حضرت زینبؓ حضرت عائشہ ؓ کو سخت سُست کہنے لگیں جس پر رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہؓ کی طرف دیکھنے لگے، آیا وہ بھی کچھ بولتی ہیں۔ (عروہ) کہتے تھے: آخر حضرت عائشہؓ حضرت زینبؓ کو ترکی بہ ترکی جواب دینے لگیں حتیٰ کہ حضرت زینبؓ کو چپ کرادیا۔ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ نے حضرت عائشہؓ کی طرف دیکھا اور فرمایا: آخر ابوبکرؓ کی بیٹی ہے۔ بخاری نے کہا: یہ آخری بات یعنی حضرت فاطمہؓ کا واقعہ ہشام بن عروہ سے بیان کیا جاتا ہے۔ ہشام نے ایک شخص سے، اس نے زہری سے، زہری نے محمد بن عبدالرحمن سے روایت کی اور ابومروان نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔ لوگ ہدئیے دینے کے لئے حضرت عائشہؓ کی باری کو زیادہ مناسب سمجھا کرتے تھے۔ }اور ہشام سے بھی مروی ہے۔} وہ ایک قریشی شخص سے اور ایک آزاد کردہ غلام سے بھی روایت کرتے تھے۔ ان دونوں نے زہری سے، زہری نے محمد بن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نبی ﷺ کے پاس تھی کہ فاطمہؓ نے اندر آنے کی اجازت چاہی۔