کتاب 17: باب مَنْ لَمْ يَقْبَلِ الْهَدِيَّةَ لِعِلَّةٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2596
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ انہوں نے حضرت صعبؓ بن جثامہ لیثی سے سنا۔ وہ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے تھے، بتلاتے تھے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو ایک گورخر ہدیہ پیش کیا اور آپؐ اس وقت ابواء یا ودّان میں تھے اور احرام باندھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے اسے لَوٹا دیا۔ حضرت صعبؓ کہتے تھے: جب آپؐ نے میرے چہرے سے معلوم کیا کہ میں نے آپؐ کے ہدیہ قبول نہ کرنے کو محسوس کیا ہے تو آپؐ نے فرمایا: یہ بات نہیں کہ ہم تمہارا ہدیہ واپس کر رہے ہیں، بلکہ بات یہ ہے کہ ہم احرام میں ہیں۔
صحیح بخاری 2597
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت ابوحمید ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے قبیلہ اَزد میں سے ایک شخص کو جسے ابن اُتبیہ کہتے تھے، زکوٰۃ وصول کرنے پر (کارکن) مقرر فرمایا۔ جب وہ آیا تو اس نے کہا: یہ تو آپ کا ہے اور یہ مجھے تحفہ دیا گیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر وہ اپنے باپ کے گھر یا اپنی ماں کے گھر ہی کیوں نہ بیٹھا رہا اور پھر دیکھتا اسے تحفہ دیا جاتا ہے یا نہیں۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، جو کوئی بھی تم میں سے (اس زکوٰۃ کے مال سے) کچھ لے گا تو وہ ضرور ہی قیامت کے دن اپنی گردن پر اس (مال) کو اٹھائے ہوئے آئے گا۔ اگر اُونٹ ہوگا تو وہ بڑبڑا رہا ہوگا، یا گائے ہوگی تو وہ بائیں بائیں کر رہی ہوگی، یا بکری ہوگی تو وہ مَیں مَیں کر رہی ہوگی۔ پھر آپؐ نے اپنے ہاتھ اُٹھائے، یہاں تک کہ ہم نے آپؐ کی بغلوں کی سپیدی دیکھ لی۔ (آپؐ نے فرمایا:) اے میرے اللہ! کیا میں نے تیرے حکم کو پہنچا دیا ہے۔ اے میرے اللہ! کیا میں نے تیرے حکم کو پہنچا دیا ہے۔ یہ فقرہ تین دفعہ فرمایا۔