کتاب 20: باب إِذَا وَهَبَ هِبَةً فَقَبَضَهَا الآخَرُ، وَلَمْ يَقُلْ قَبِلْتُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2600
محمد بن محبوب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے ، زہری نے حمید بن عبدالرحمن سے ، حمید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیوں؟ اُس نے کہا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کرنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا دو ماہ لگاتار روزے رکھنے کی طاقت ہے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: آیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ اتنے میں ایک انصاری شخص کھجور کا ایک ٹوکرا لایا اور عرق یعنی یہ ٹوکرا پندرہ صاع کا ہوتا ہے۔ اس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور اسے صدقہ میں دے دو۔ اس نے پوچھا: یا رسول اللہ! جو ہم سے زیادہ محتاج ہو اُس کو دوں؟ اُسی ذات کی قسم جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا ہے، مدینہ کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان کوئی گھر والے ہم سے بڑھ کر محتاج نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں کو ہی کھلاؤ۔