کتاب 21: باب إِذَا وَهَبَ دَيْنًا عَلَى رَجُلٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2601
ہم سے عبدان نے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں عبداللہ نے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں یونس نے خبر دی۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: مجھ سے یونس نے بیان کیا کہ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے ابن کعب بن مالک نے بتایا۔ ان کو حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بتایا کہ ان کے باپ حضرت عبداللہ ؓ جنگ اُحد میں شہید ہوگئے تو ان کے قرض خواہوں نے اپنے قرضوں کا سختی سے مطالبہ شروع کردیا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوا اور میں نے ساری بات آپؐ سے عرض کی۔ آپؐ نے قرض خواہوں سے کہا کہ وہ میرے باغ کا میوہ قبول کر لیں اور میرے باپ کو قرضہ سے آزاد کر دیں۔ انہوں نے یہ ماننے سے انکار کردیا۔ اِس پر رسول اللہ ﷺ نے اُن کو میرا باغ نہ دیا اور نہ ان کے لئے میوہ تڑوایا بلکہ فرمایا: میں کل صبح انشاء اللہ تمہارے پاس آؤں گا۔ چنانچہ جب صبح ہوئی تو آپؐ ہمارے پاس آئے اور کھجور کے درختوں میں اِدھر اُدھر پھرے اور ان کے لئے پھلوں میں برکت کی دعا مانگی۔ پھر میں نے ان خوشوں کو کاٹا اور ان قرض خواہوں کو ان کے حقوق ادا کر دئیے اور ان کھجوروں کے پھلوں سے تھوڑی سی کھجوریں ہمارے لئے بھی بچ رہیں۔ پھر میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ بیٹھے ہوئے تھے۔ میں نے آپؐ سے واقعہ بیان کیا تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمر ؓ سے فرمایا: عمر ؓ سنو! اور وہ بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: یہ کیوں نہ ہوتا۔ بخدا ہمیں تو علم ہے کہ آپؐ یقینا اللہ کے رسول ہیں۔