کتاب 28: باب قَبُولِ الْهَدِيَّةِ مِنَ الْمُشْرِكِينَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2615
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا کہ یونس بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی، (کہا:) حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو باریک ریشمی کپڑے کا ایک چوغہ تحفہ دیا گیا اور آپؐ ریشمی کپڑے پہننے سے منع فرمایا کرتے تھے۔ وہ کپڑا دیکھ کر لوگوں کو تعجب ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: اُسی ذات کی قسم! جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے سعدؓ بن معاذ کے تو رومال جنت میں اس سے زیادہ خوبصورت ہوں گے۔
صحیح بخاری 2616
اور سعید (بن ابی عروبہ) نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ دومۃ الجندل کے اُکیدر نے نبی ﷺ کو تحفہ بھیجا تھا۔
صحیح بخاری 2617
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن زید سے، ہشام نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک یہودی عورت نبی ﷺ کے پاس زہر آلودہ بکری لائی۔ آپؐ نے اس میں سے کچھ کھایا، پھر اس عورت کو لایا گیا۔ (آپؐ سے) دریافت کیا گیا: کیا ہم اسے قتل نہ کردیں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے:) میں نے ہمیشہ محسوس کیا کہ اس زہر کا اثر رسول اللہ ﷺ کے تالوئوں میں ہے۔
صحیح بخاری 2618
ابو النعمان نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سو تیس آدمی تھے۔ نبی ﷺ نے پوچھا: کیا تم میں سے کسی کے پاس کھانا ہے؟ دیکھا تو ایک شخص کے پاس ایک صاع یا اس کے قریب قریب کچھ آٹا ہے۔ وہ گوندھا گیا، اس کے بعد ایک مشرک شخص پراگندہ بال، دراز قامت بکریاں ہانکتا ہوا پہنچا۔ نبی ﷺ نے پوچھا: بیچنی ہیں یا یونہی دینی ہیں۔ عطیہ کا لفظ فرمایا یا ہبہ کا۔ اس نے کہا: یونہی نہیں بلکہ بیچنی ہیں۔ تو آپؐ نے اس سے ایک بکری خریدی۔ وہ ذبح کرکے پکانے کے لئے تیار کی گئی۔ آپؐ نے فرمایا: کلیجی بھونی جائے اور بخدا ایک سو تیس آدمیوں میں ایک بھی نہ تھا جس کو نبی ﷺ نے اس بکری کی کلیجی سے ایک ٹکڑا کاٹ کر نہ دیا ہو۔ اگر کوئی موجود تھا تو اسے دے دیا اور اگر موجود نہ تھا تو آپؐ نے اس کے لئے محفوظ کرلیا اور اس کے گوشت سے دو بڑے بڑے پیالے تیار کئے گئے اور سب نے کھایا اور ہم سیر ہوگئے اور دونوں پیالوں میں گوشت بچ رہا۔ ہم نے اس کو اُونٹ پر رکھ لیا یا کچھ ایسے ہی الفاظ تھے جو راوی نے کہے۔