کتاب 29: باب الْهَدِيَّةِ لِلْمُشْرِكِينَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2619
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے ایک شخص (عطارد بن حاجب) کے پاس ایک ریشمی جوڑا دیکھا جو فروخت کیا جا رہا تھا تو انہوں نے نبی ﷺ سے کہا: آپؐ یہ ریشمی جوڑا خرید لیں، اسے جمعہ کے دن پہنا کریں اور اس وقت بھی جب آپؐ کے پاس نمائندے آئیں۔ تو آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جو آخرت میں بے نصیب ہو۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس ویسے ہی ریشمی جوڑے لائے گئے تو آپؐ نے اُن میں سے ایک جوڑا حضرت عمرؓ کو بھیجا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں اسے کیسے پہنوں؛ حالانکہ آپؐ اس کی نسبت فرما چکے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے یہ تمہیں اس لئے نہیں دیا کہ تم اسے پہنو۔ تم اسے بیچ لو یا کسی اور کو پہنا دو، تو حضرت عمرؓ نے اسے اپنے ایک بھائی کو بھیج دیا جو ابھی تک مکہ والوں میں ہی تھا، ابھی مسلمان نہیں ہوا تھا۔
صحیح بخاری 2620
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں میری والدہ میرے پاس آئیں اور وہ ابھی مشرک ہی تھیں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے فتویٰ پوچھا۔ میں نے کہا: میری والدہ شوق سے میرے پاس آئی ہیں۔ کیا میں ان سے نیک سلوک کروں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اپنی والدہ سے نیک سلوک کرو۔