کتاب 35: باب فَضْلِ الْمَنِيحَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2629
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دودھیل اُونٹنی جو خوب دودھ دے، اس کا دینا بھی کیا ہی اچھا عطیہ ہے اور اسی طرح وہ بکری بھی جو خوب دودھ دے۔ صبح کو بھی باہر جاتے جاتے ایک برتن بھر کر دیتی ہو اور شام کو بھی واپس آکر ایک برتن بھر کر دودھ دے۔ عبداللہ بن یوسف اور اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہمیں بتایا۔ مالک سے یہی روایت نقل کی ہے۔ انہوں نے (’’کیا ہی اچھا عطیہ ‘‘ کی جگہ) یہ کہا: کیا ہی اچھا صدقہ ہے۔
صحیح بخاری 2630
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ ابن وہب نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: جب مہاجر مکہ سے مدینہ آئے اور ان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہ تھا اور انصار زمین اور جائیداد والے تھے تو انصار نے ان سے معاہدہ کیا کہ وہ ان کو اپنے باغوں کا میوہ ہر سال دیا کریں گے۔ لیکن ان میں کام کاج وہ خود ہی کریں گے۔ (مہاجرین کو نہیں کرنے دیں گے۔) حضرت انسؓ کی ماں حضرت امّ سلیمؓ تھیں جو حضرت عبداللہ بن ابی طلحہؓ کی بھی ماں تھیں تو حضرت انسؓ کی ماں نے رسول اللہ ﷺ کو کچھ کھجور کے درخت دئیے ہوئے تھے۔ نبی ﷺ نے یہ درخت اپنی کھلائی حضرت امّ اَیمنؓ کو دے دئیے۔ جو حضرت اُسامہ بن زیدؓ کی ماں تھیں۔ ابن شہاب کہتے تھے: مجھے حضرت انسؓ بن مالک نے بتایا کہ نبی ﷺ جب اہل خیبر کی لڑائی سے فارغ ہوئے اور مدینہ کو لَوٹ گئے، تو مہاجرین نے انصار کے وہ عطیے واپس کردئیے۔ یعنی وہ پھلدار درخت {جو انہوں نے ان کو اپنے باغوں سے دئیے تھے۔} نبی ﷺ نے بھی حضرت انسؓ کی ماں کو ان کی کھجوریں واپس کردیں اور ان کی جگہ رسول اللہ ﷺ نے امّ ایمنؓ کو اپنے باغ سے کچھ درخت دئیے۔ اور احمد بن شبیب کہتے تھے: میرے باپ نے بھی یونس سے روایت کرتے ہوئے مجھے یہی بات بتائی اور مِنْ حَائِطِہِ کی بجائے مِنْ خَالِصِہِ کے الفاظ کہے: یعنی اپنی خاص جائیداد سے۔
صحیح بخاری 2631
مسدد نے ہمیں بتایا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہم سے بیان کیا۔ اوزاعی نے ہمیں بتایا کہ حسان بن عطیہ نے ابوکبشہ سلولی سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اچھی خصلتیں چالیس ہیں۔ ان میں سے اعلیٰ خصلت دودھیل بکری کو عاریتاً دینا ہے۔ جو بھی عمل کرنے والا ان خصلتوں میں سے کسی خصلت پر بھی عمل کرتا ہے بحالیکہ اس کے ثواب کی اُمید اور اس وعدۂ ثواب کو سچا جانتا ہے جو اللہ کی طرف سے کیا گیا ہے تو اللہ اسے اس کے اس امید و یقین کی وجہ سے جنت میں داخل کرے گا۔ حسان کہتے تھے: ہم نے دودھیل بکری کے عطیہ کے سوا دوسری خصلتوں کا شمار کیا۔ جیسے سلام کا جواب دینا اور چھینکنے پر دعا کرنا اور راستہ سے تکلیف دِہ چیز ہٹانا۔ اس طرح کی اور باتیں بھی۔ لیکن ہم سے پندرہ خصلتوں تک ہی گنتی پوری ہو سکی۔
صحیح بخاری 2632
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عطاء نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر صؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصار میں بعض لوگوں کے پاس زمینیں ان کی ضرورت سے زیادہ تھیں۔ انہوں نے کہا: ہم ان زمینوں کو تہائی یا چوتھائی یا آدھوں آدھ بٹائی پر دے دیتے ہیں تو نبی ﷺ نے فرمایا: جس کی زمین ہو تو چاہیے کہ وہ اس میں خود کھیتی باڑی کرے یا اسے اپنے بھائی کو یونہی دے دے۔ اگر ایسا نہ کرے تو پھر اپنی زمین کو یونہی رہنے دے۔
صحیح بخاری 2633
اور محمد بن یوسف (امام بخاریؒ کے شیخ) نے کہا: اوزاعی نے ہم سے (اسی سند سے) کہا کہ زُہری نے مجھے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) عطاء بن یزید نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوسعیدؓ (خدری) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک بدوی آیا۔ اس نے آپؐ سے ہجرت کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت کا معاملہ تو بہت ہی مشکل ہے۔ کیا تمہارے پاس کچھ اُونٹ ہیں؟ اس نے کہا: ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ان کی زکوٰۃ دیتے ہو؟ اس نے کہا: ہاں دیتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: کسی کو دودھ پینے کے لئے بھی جانور دیتے ہو؟ اس نے عرض کیا: جی ہاں۔ پھر آپؐ نے دریافت فرمایا: کیا ان اُونٹوں کو پانی پلاتے وقت دوہتے ہو (اور محتاجوں کو ان کا دودھ پلاتے ہو؟) اُس نے کہا: جی ہاں۔ تب آپؐ نے فرمایا: پھر تم سمندروں سے پار رَہ کر بھی عمل کرتے رہو تو اللہ تعالیٰ تمہارے کسی عمل کا ثواب دینے میں تمہارے ساتھ کوئی کمی نہیں کرے گا۔
صحیح بخاری 2634
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے طائوس سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مجھ سے اس نے بیان کیا جو اس بات کو اُن تمام (صحابہؓ) میں سے بڑھ کر جاننے والا تھا یعنی حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہ نبی ﷺ ایسی زمین کی طرف گئے جس میں کھیتی لہلہا رہی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: کس کی ہے؟ تو لوگوں نے کہا: فلاں شخص نے یہ زمین پٹہ پر لی ہوئی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر زمین کا مالک اس زمین کو اسے یونہی دے دیتا تو یہ اس کیلئے بہتر ہوتا بہ نسبت اس کے کہ وہ اس پر مقررہ لگان لیتا۔