کتاب 11: بَابُ شَهَادَةِ الأَعْمَى، وَأَمْرِهِ وَنِكَاحِهِ وَإِنْكَاحِهِ وَمُبَايَعَتِهِ وَقَبُولِهِ فِي التَّأْذِينِ وَغَيْرِهِ، وَمَا يُعْرَفُ بِالأَصْوَاتِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2655
محمد بن عبید بن میمون نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے ایک شخص کو مسجد میں (قرآن مجید) پڑھتے سنا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے، اس نے تو مجھے فلاں فلاں آیت یاد دِلا دی ہے جنہیں میں فلاں فلاں سورۃ میں بھول گیا تھا۔ اور عباد بن عبداللہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا اور بڑھایا کہ نبی ﷺ میرے گھر میں تہجد کی نماز پڑھ رہے تھے کہ اتنے میں آپؐ نے عباد (بن بشیرؓ ) کی آواز سنی جو مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے۔ تو آپؐ نے پوچھا۔ عائشہؓ ! کیا یہ عباد کی آواز ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! عباد پر رحم کر۔
صحیح بخاری 2656
مالک بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: دیکھو بلالؓ رات کو اذان دیتے ہیں، تم کھاتے پیتے رہو، یہاں تک کہ ابن امّ مکتومؓ اذان دے یا فرمایا: یہاں تک کہ تم ابن امّ مکتومؓ کی اذان سنو۔ اور حضرت ابن امّ مکتومؓ نابینا شخص تھے وہ اذان نہیں دیا کرتے تھے جب تک کہ لوگ ان کو نہ کہتے کہ صبح ہوگئی ہے۔
صحیح بخاری 2657
زیاد بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ حاتم بن وردان نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیاتی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے، عبداللہ نے حضرت مِسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئیں تو میرے باپ مخرمہؓ نے مجھ سے کہا کہ آنحضرت (ﷺ) کے پاس میرے ساتھ چلو، اُمید ہے کہ آپؐ ان میں سے ہمیں بھی دیں گے۔ میرے باپ دروازے پر کھڑے ہو گئے اور باتیں کرنے لگے۔ نبی ﷺ نے ان کی آواز پہچانی اور باہر نکلے۔ آپؐ کے پاس ایک قبا تھی۔ آپؐ ان کو اس قبا کی خوبیاں دکھانے لگے اور آپؐ یہ بھی فرماتے تھے کہ یہ میں نے تمہارے لئے چھپا رکھی تھی۔ یہ میں نے تمہارے لیے چھپا رکھی تھی۔