کتاب 26: بَابُ كَيْفَ يُسْتَحْلَفُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2678
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے چچا ابو سہیل بن مالک سے، اُن کے چچا نے اپنے باپ (مالک بن ابی عامر) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک شخص (ضمام بن ثعلبہؓ) رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ آپؐ سے اسلام کی بابت پوچھ رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ نمازیں رات دن میں پڑھنا۔ تو اس نے کہا: کیا میرے ذمہ ان کے علاوہ اور کوئی نماز بھی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، سوائے اس کے کہ اپنی مرضی سے کچھ پڑھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: رمضان کے مہینے کے روزے بھی رکھنا فرض ہے۔ تو اس نے کہا: کیا میرے لئے اس کے علاوہ کوئی اور روزے بھی ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، سوائے اس کے کہ تو اپنی مرضی سے روزہ رکھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس سے زکوٰۃ کا ذکر کیا۔ اس نے کہا: کیا میرے ذمہ اس کے علاوہ کچھ اور بھی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ سوائے اس کے کہ تو اپنی مرضی سے کچھ دے۔ (حضرت طلحہؓ نے) کہا: یہ سن کر وہ شخص پیٹھ موڑ کر چلا گیا اور یہ کہتا جا رہا تھا: اللہ کی قسم! میں نہ اس سے زیادہ کروں گا اور نہ کم۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر یہ سچا ہے تو بامراد ہو گیا۔
صحیح بخاری 2679
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ جویریہ (بن اسمائ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نافع نے حضرت عبداللہ ص سے روایت کرتے ہوئے ذکر کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے قسم کھانی ہو تو چاہیے کہ وہ اللہ کی قسم کھائے یا چُپ رہے۔