کتاب 53: كتاب الصلح
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2690
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا۔ ابو غسان نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: ابو حازم (سلمہ بن دینار) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ (قبیلہ) بنی عمرو بن عوف کے بعض لوگوں کے درمیان کچھ جھگڑا تھا تو نبی ﷺ اپنے صحابہ میں سے چند لوگوں سمیت اُن کے پاس گئے تاکہ اُن کے درمیان صلح کرائیں۔ نماز کا وقت ہوگیا اور نبی ﷺ (واپس) نہ آئے۔ حضرت بلالؓ آئے نماز کے لئے اذان دی اور نبی ﷺ (واپس) نہ پہنچے۔ تب (حضرت بلالؓ) حضرت ابو بکرؓ کے پاس آئے اور کہا: نبی ﷺ تو رُک گئے ہیں اور نماز کا وقت ہوگیا ہے تو کیا آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں گے؟ انہوں نے کہا: اچھا اگر تم چاہو۔ (حضرت بلالؓ نے) نماز کے لئے اقامت کہی اور حضرت ابو بکرؓ آگے بڑھے اور اِس کے بعد نبی ﷺ صفوں سے گزرتے ہوئے آئے اور پہلی صف میں کھڑے ہوگئے۔ لوگ تالیاں بجانے لگے اور بہت (تالیاں) بجائیں اور حضرت ابو بکرؓ نماز میں اِدھر اُدھر نگاہ نہیں کرتے تھے۔ (جب بہت تالیاں بجیں) تو انہوں نے مڑ کر دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ نبی ﷺ اُن کے پیچھے ہیں۔ آنحضرت ﷺ نے اُن کو اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا کہ وہ نماز پڑھائیں، جیسا کہ وہ پڑھا رہے ہیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور اللہ کی حمد کی اور پھر وہ اُلٹے پاؤں ہٹے، یہاں تک کہ صف میں آگئے اور نبی ﷺ آگے بڑھے اور آپؐ نے لوگوں کو نماز پڑھائی۔ جب آپؐ (نماز سے) فارغ ہوئے تو آپؐ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگو! جب نماز میں تمہیں کوئی بات پیش آئے تو تم تالیاں بجانے لگ جاتے ہو۔ تالیاں بجانا تو عورتوں کے لئے ہے۔ جس کسی کو نماز میں کوئی بات پیش آئے تو چاہیے کہ وہ سبحان اللہ کہے۔ پھر جو کوئی اُسے سنے گا ضرور متوجہ ہوگا۔ ابو بکرؓ! جب میں نے آپؓ کو اِشارہ کیا تھا تو آپؓ کو کون سی بات مانع ہوئی کہ لوگوں کو نماز نہیں پڑھائی؟ انہوں نے کہا: ابو قحافہ کے بیٹے کو شایان نہیں تھا کہ نبی ﷺ کے آگے (کھڑا) ہو کر نماز پڑھائے۔
صحیح بخاری 2691
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا: اگر آپؐ عبداللہ بن ابی کے پاس آئیں (تو اچھا ہو۔) نبی ﷺ اُس کے پاس جانے کے لئے روانہ ہوئے۔ گدھا آپؐ کی سواری میں تھا۔ مسلمان بھی آپؐ کے ساتھ چل پڑے اور وہاں کی زمین شوریدہ تھی۔ جب نبی ﷺ اُس کے پاس پہنچے تو اُس نے کہا: مجھ سے دُور رہیں۔ بخدا ! آپؐ کے گدھے کی بدبو نے مجھے تکلیف دی ہے۔ تو صحابہ میں سے ایک انصاری (حضرت عبداللہ بن رواحہؓ) بولے: بخدا ! رسول اللہ ﷺ کا گدھا تجھ سے زیادہ خوشبودار ہے۔ عبداللہ (بن ابی ّ) کی قوم میں سے ایک شخص اس کی وجہ سے غصہ میں بھر گیا اور اُن دونوں نے آپس میں ایک دوسرے کو سخت سُست کہا۔ جس کی وجہ سے دونوں کے ساتھی بھڑک اُٹھے اور نوبت چھڑیوں، جوتوں اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ یہ آیت (اسی واقعہ سے متعلق) نازل ہوئی یعنی اگر مومنوں میں دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو اُن کی صلح کرا دو۔
صحیح بخاری 2692
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ حُمَید بن عبدالرحمن نے انہیں خبر دی کہ اُن کی والدہ حضرت امّ کلثومؓ بنت عقبہ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: وہ جھوٹا نہیں ہوتا جو لوگوں کے درمیان صلح کراتا ہے اور بھلی بات کسی کی طرف منسوب کرتا ہے یا (فرمایا:) بھلی بات کہتا ہے۔
صحیح بخاری 2693
محمد بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن عبداللہ اُویسی اور اسحاق بن محمد فروِی نے ہمیں بتایا۔ اُن دونوں نے کہا: محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ اہل قباء آپس میں جھگڑ پڑے؛ یہاں تک کہ انہوں نے ایک دوسرے پر پتھر چلائے۔ رسول اللہ ﷺ کو اِس کی اِطلاع دی گئی تو آپؐ نے فرمایا: ہمیں لے چلو ہم اُن کی صلح کرائیں گے۔
صحیح بخاری 2694
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: (آیت اِنِ امْرَأَۃٌ خَافَتْ مِنْ بَعْلِھَا یعنی) اگر کسی عورت کو اپنے خاوند کی طرف سے بدمعاملگی یا عدم توجہ کا خوف ہو تو اس سے مراد وہ شخص ہے جو اپنی بیوی میں ناپسندیدہ بات دیکھتا ہو، بڑھاپے کی وجہ سے یا اس کے علاوہ کسی اور سبب سے۔ اور اس سے الگ ہونا چاہتا ہو، وہ (عورت) یہ کہے: تم مجھے اپنے پاس ہی رکھو اور میرے لئے جو تم چاہو حصہ مقرر کر دو۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: کوئی حرج نہیں اگر وہ آپس میں اس طرح راضی ہو جائیں۔
صحیح بخاری 2695
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا۔ ابن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ اور حضرت زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُن دونوں نے کہا: ایک بدوی آیا اور اُس نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی کتاب کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرمائیں۔ اُس کا مخالف اُٹھا اور بولا: اِس نے سچ کہا ہے اللہ کی کتاب ہی کی رُو سے ہمارے درمیان فیصلہ فرمائیں۔ اُس بدوی نے کہا: میرا بیٹا اِس کے پاس نوکر تھا۔ اُس نے اس کی بیوی سے زنا کیا۔ لوگوں نے مجھ سے کہا: تمہارا بیٹا سنگسار ہونا چاہیے۔ میں نے اس کو ایک سو بکری اور ایک لونڈی دے کر اپنے بیٹے کو چھڑا لیا ہے۔ پھر اس کے بعد میں نے علم والوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا: تمہارے بیٹے کو تو صرف سو کوڑے پڑنے تھے اور ایک سال کے لئے جِلا وطنی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں تمہارے درمیان کتاب اللہ ہی سے فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں جو ہیں وہ تو تمہیں واپس دی جائیں اور تمہارے بیٹے کو سو کوڑے لگائے جائیں اور ایک سال کے لئے جِلاوطن کیا جائے۔ اور ایک شخص سے (فرمایا:) اُنیسؓ (بن ضحاک)! تم صبح اِس شخص کی بیوی کے پاس جاؤ اور اُسے سنگسار کرو۔ چنانچہ اُنیسؓ صبح اُس عورت کے پاس گئے اور اُسے سنگسار کیا۔
صحیح بخاری 2696
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا۔ ابن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ اور حضرت زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُن دونوں نے کہا: ایک بدوی آیا اور اُس نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی کتاب کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرمائیں۔ اُس کا مخالف اُٹھا اور بولا: اِس نے سچ کہا ہے اللہ کی کتاب ہی کی رُو سے ہمارے درمیان فیصلہ فرمائیں۔ اُس بدوی نے کہا: میرا بیٹا اِس کے پاس نوکر تھا۔ اُس نے اس کی بیوی سے زنا کیا۔ لوگوں نے مجھ سے کہا: تمہارا بیٹا سنگسار ہونا چاہیے۔ میں نے اس کو ایک سو بکری اور ایک لونڈی دے کر اپنے بیٹے کو چھڑا لیا ہے۔ پھر اس کے بعد میں نے علم والوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا: تمہارے بیٹے کو تو صرف سو کوڑے پڑنے تھے اور ایک سال کے لئے جِلا وطنی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں تمہارے درمیان کتاب اللہ ہی سے فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں جو ہیں وہ تو تمہیں واپس دی جائیں اور تمہارے بیٹے کو سو کوڑے لگائے جائیں اور ایک سال کے لئے جِلاوطن کیا جائے۔ اور ایک شخص سے (فرمایا:) اُنیسؓ (بن ضحاک)! تم صبح اِس شخص کی بیوی کے پاس جاؤ اور اُسے سنگسار کرو۔ چنانچہ اُنیسؓ صبح اُس عورت کے پاس گئے اور اُسے سنگسار کیا۔
صحیح بخاری 2697
یعقوب (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد (بن ابراہیم بن عبدالرحمن بن عوف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے قاسم بن محمد (بن ابی بکر صدیق) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہماری اِس شریعت میں کوئی ایسی نئی بات پیدا کی جو اِس میں نہیں تو وہ ردّ کی جائے گی۔ عبداللہ بن جعفر مخرمی اور عبدالواحد بن ابی عون نے یہ حدیث سعد بن ابراہیم سے روایت کرتے ہوئے بتائی۔
صحیح بخاری 2698
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ نے اہل حدیبیہ سے صلح کی تو حضرت علی بن ابی طالب رضوان اللہ علیہ نے اُن کے درمیان ایک تحریر لکھی اور (اس میں آپؐ کا نام) محمد رسول اللہ (ﷺ) لکھا۔ مشرکوں نے کہا: محمد رسول اللہ نہ لکھو۔ اگر آپؐ رسول ہوتے تو ہم آپؐ سے نہ لڑتے۔ آپؐ نے حضرت علیؓ سے کہا: اسے مٹا دو۔ حضرت علیؓ نے کہا: میں وہ (شخص) نہیں ہوں گا جو اِسے مٹائے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اُسے اپنے ہاتھ سے مٹا دیا اور اُن سے اِس شرط پر صلح کر لی کہ آپؐ اور آپؐ کے صحابہ تین دن (مکہ میں) رہیں گے اور وہ اِس میں ہتھیار جُلُبّان میں رکھ کر داخل ہوں گے۔ لوگوں نے اُن سے پوچھا کہ یہ جُلُبّان کیا ہوتا ہے؟ انہوں نے کہا: وہ غلاف جس میں تلوار مع میان رکھی جاتی ہے۔
صحیح بخاری 2699
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے (ماہ) ذیقعدہ میں عمرے کا ارادہ کیا۔ اہل مکہ نے انکار کیا اور آپؐ کو مکہ میں داخل نہ ہونے دیا۔ جب تک آپؐ نے اُن کے ساتھ یہ فیصلہ نہ کرلیا کہ آپؐ اس میں صرف تین دن رہیں گے۔ جب وہ تحریر لکھنے لگے تو (صحابہ نے) لکھا: یہ وہ (صلح نامہ) ہے جس کی بناء پر محمد رسول اللہ ﷺ نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ہم اِس کو نہیں مانیں گے۔ اگر ہم جانتے کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں تو ہم آپؐ کو نہ روکتے بلکہ آپؐ کا نام محمد بن عبداللہ (لکھو۔) آپؐ نے فرمایا: میں اللہ کا رسول ہوں اور محمد بن عبداللہ بھی ہوں۔ پھر آپؐ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: رسول اللہ کا لفظ مٹادیں۔ انہوں نے کہا: نہیں۔ اللہ کی قسم! میں اسے ہرگز نہیں مٹائوں گا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے وہ تحریر لی اور لکھا: یہ وہ (صلح نامہ) ہے جس کی بناء پر محمد بن عبداللہ نے فیصلہ کیا ہے کوئی ہتھیار مکہ کے اندر داخل نہیں ہوگا مگر وہی جو قراب میں داخل ہو اور یہ کہ مکہ والوں میں سے کوئی شخص اگر کسی کے ساتھ جانا چاہے گا تو وہ اُسے نہیں لے جائے گا اور وہ اپنے ساتھیوں میں سے کسی کو روکے گا نہیں، اگر وہ مکہ میں رہنا چاہے۔ جب آپؐ مکہ میں داخل ہوئے اور میعاد گزر گئی تو (مشرک) حضرت علیؓ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اپنے ساتھی سے کہو کہ ہمارے یہاں سے چلا جائے، میعاد گزر چکی ہے۔ نبی ﷺ روانہ ہوگئے۔ حضرت حمزہؓ کی بیٹی ان کے پیچھے چل پڑی۔ چچا چچا پکار رہی تھی۔ حضرت علیؓ نے لپک کر اُس کا ہاتھ پکڑ لیا اور حضرت فاطمہ (علیہا السلام) سے کہا: اپنے چچا کی بیٹی کو لے لو۔ انہوں نے اُسے سوار کر لیا۔ پھر حضرت علیؓ، حضرت زیدؓ اور حضرت جعفرؓ اس لڑکی کے بارے میں آپس میں جھگڑ پڑے۔ حضرت علیؓ نے کہا: میں اس کی پرورش کا زیادہ حقدار ہوں کیونکہ وہ میرے چچا کی بیٹی ہے۔ اور حضرت جعفرؓ نے کہا: وہ میرے چچا کی بھی بیٹی ہے اور اُس کی خالہ (حضرت اسماء بنت عمیس) میری بیوی ہے اور حضرت زیدؓ کہتے تھے: وہ میرے بھائی کی بیٹی ہے۔ نبی ﷺ نے اُس کی خالہ کو دئیے جانے کا فیصلہ کیا اور فرمایا: خالہ بمنزلہ والدہ کے ہوتی ہے۔ اور حضرت علیؓ سے کہا: تم میرے ہو اور میں تمہارا ہوں۔ اور حضرت جعفرؓ سے کہا: تم صورت اور خصلت میں مجھ سے ملتے جلتے ہو۔ اور حضرت زیدؓ سے کہا: تم ہمارے بھائی ہو اور ہمارے محب۔
صحیح بخاری 2700
اور موسیٰ بن مسعود نے کہا: سفیان بن سعید نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے حدیبیہ کے دن مشرکوں سے تین باتوں پر صلح کی کہ جو مشرکین میں سے اُن کے پاس آئے گا آپؐ اسے اُن کی طرف واپس کردیں گے اور جو اُن کے پاس مسلمانوں میں سے آئے وہ اُس کو واپس نہیں کریں گے۔ اور آپؐ آئندہ (سال) مکہ میں آئیں گے اور اُس میں تین دن ٹھہریں گے۔ ہتھیار تلوار اور کمان وغیرہ غلاف میں رکھے ہوئے (مکہ میں) داخل ہوں گے۔ حضرت ابو جندلؓ زنجیروں میں لڑکھڑاتے ہوئے آئے تو آپؐ نے انہیں اُن کی طرف واپس کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: مومل (بن اسماعیل) نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے حضرت ابو جندلؓ کا ذکر نہیں کیا اور لفظ جُلُبَّان کی جگہ جُلُب کہا۔
صحیح بخاری 2701
محمد بن رافع نے ہمیں بتایا۔ سُرَیج بن نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ فُلَیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ عمرہ کرنے کے لئے نکلے۔ مگر کفارِ قریش نے آپؐ کے اور بیت اللہ کے درمیان رکاوٹ ڈالی اور آپؐ نے حدیبیہ میں اپنی قربانی کے اُونٹ ذبح کر دئیے اور اپنے سر کے بال منڈوا دئیے اور اُن سے فیصلہ کیا کہ آئندہ سال آپؐ عمرہ کریں گے اور تلواروں کے سوا کوئی ہتھیار نہیں لائیں گے اور مکہ میں آپؐ اتنی ہی دیر ٹھہریں گے جتنی دیر وہ چاہیں گے۔ چنانچہ آپؐ نے آئندہ سال عمرہ کیا اور اس طرح مکہ میں داخل ہوئے جس طرح کہ آپؐ نے اُن سے معاہدہ کیا تھا۔ جب آپؐ وہاں تین دن رہے تو مشرکوں نے آپؐ سے چلے جانے کے لئے کہا اور آپؐ چلے گئے۔
صحیح بخاری 2702
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ (بن سعید انصاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُشَیر بن یسار سے، بُشَیر نے سہل بن ابی حثمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن سہل اور مُحَیِّصہ بن مسعود بن زید خیبر کی طرف چلے گئے اور (اہل خیبر سے) اُن دِنوں صلح کی ہوئی تھی۔
صحیح بخاری 2703
محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حمید (طویل) نے مجھے بتایا۔ حضرت انسؓ نے اُن سے بیان کیا کہ رُبیع نے جو نضر کی بیٹی تھیں ایک لڑکی کا دانت توڑ ڈالا۔ (لڑکی والوں نے) دِیت مانگی اور (رُبیع کے لوگوں نے) معافی مانگی۔ انہوں نے نہ مانا۔ وہ نبیﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ نے اُن سے فرمایا: قصاص لیں۔ حضرت انس بن نضرؓ (جو حضرت انسؓ بن مالک کے چچا تھے) نے کہا: یا رسول اللہ! کیا رُبیع کا دانت توڑا جائے گا؛ نہیں۔ اُس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ مبعوث کیا، ایسا تو نہیں ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا: انس! اللہ کا حکم یہی ہے کہ قصاص لیا جائے۔ پھر وہ لوگ (لڑکی والے) راضی ہوگئے اور انہوں نے معاف کردیا۔ نبیﷺ نے فرمایا: اللہ کے بندوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو اگر اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے قسم کھائیں تو وہ اُن کی قسم کو ضرور سچا کردیتا ہے۔ (مروان بن معاویہ) فزاری نے حمید سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے اِتنا زیادہ بیان کیا۔ پھر وہ لوگ راضی ہوگئے اور انہوں نے دِیت قبول کرلی۔
صحیح بخاری 2704
ہم سے عبداللہ بن محمد نے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ ابوموسیٰ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت حسن بن علیؓ بخدا پہاڑوں کی طرح فوجیں لے کر معاویہؓ کا مقابلہ کرنے کے لئے آئے تھے۔ عمروؓ بن عاص نے کہا: میں تو ایسی فوجیں دیکھ رہا ہوں جو تاوقتیکہ اپنے ہمسروں کو مار نہ لیں پیٹھ نہ پھیریں گی۔ حضرت معاویہؓ نے جو بخدا عمروؓ بن عاص سے بہتر تھے، کہا: عمروؓ ! اگر انہوں نے ان کو مار ڈالا اور انہوں نے ان کو تو لوگوں کی حکومت کون سنبھالے گا۔ ان کی عورتوں کا اور ان کی جائیدادوں کا نگران کون ہوگا؟ پھر معاویہؓ نے قریش کے دو شخصوں کو جو کہ عبدالشمس کی اولاد میں سے تھے۔ یعنی عبدالرحمن بن سمرہ اور عبداللہ بن عامر بن کریز کو اُن کے پاس بھیجا اور کہا: تم اس شخص کے پاس جاؤ اور اس کے سامنے صلح پیش کرو اور اس سے گفتگو کرو اور اس سے منوائو۔ چنانچہ وہ دونوں ان کے پاس آئے اور گفتگو کی اور ان سے بات کی اور صلح کا مطالبہ کیا۔ حضرت حسن بن علیؓ نے ان سے کہا: ہم عبدالمطلب کے بیٹے ہیں۔ ہمیں مال تو مل چکا ہے اور اصل بات یہ ہے کہ یہ امت اپنی خونریزیوں میں حد سے گزر گئی ہے۔ انہوں نے کہا: وہ آپؓ کے سامنے یہ یہ شرطیں پیش کرتے ہیں اور آپؓ سے صلح چاہتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں۔ (حضرت حسنؓ نے) کہا: ان باتوں کا کون ذمہ دار ہوگا؟ اُن دونوں نے کہا: ہم آپؓ کے لئے اِس کے ذمہ دار ہیں۔ جس بات کا بھی حضرت حسنؓ ان دونوں سے مطالبہ کرتے وہ یہی کہتے کہ ہم اِس کے ذمہ دار ہیں۔ آخر انہوں نے معاویہؓ سے صلح کر لی۔ حسن (بصری) کہتے تھے: میں نے حضرت ابوبکرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو منبر پر دیکھا اور حضرت حسن بن علیؓ آپؐ کے پہلو میں تھے۔ آپؐ کبھی لوگوں کی طرف متوجہ ہوتے اور کبھی اُن کی طرف اور فرماتے: میرا یہ بیٹا سردار ہے اور اُمید ہے کہ اللہ اِس کے ذریعے مسلمانوں کی دو بڑی جماعتوں کے درمیان صلح کرائے گا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ ) کہتے ہیں: علی بن عبداللہ (مدینی) نے مجھے کہا کہ حضرت ابوبکرہؓ سے حسن (بصری) کا سننا صرف اِس حدیث سے ثابت ہوا ہے۔
صحیح بخاری 2705
اسماعیل بن ابی اُویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے ابوالرجال محمد بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ اُن کی ماں عمرہ بنت عبدالرحمن نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ نے دروازے پر بعض جھگڑا کرنے والوں کی آواز سنی۔ دونوں کی آوازیں بلند ہو رہی تھیں۔ اِتنے میں دونوں میں سے ایک دوسرے سے کچھ قرضہ چھوڑنے اور نرمی کرنے کے لئے کہہ رہا تھا اور دوسرا کہہ رہا تھا: اللہ کی قسم ! میں نہیں چھوڑوں گا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس باہر گئے اور پوچھا: وہ کہاں ہے جو اللہ کی قسم کھا رہا تھا کہ وہ نیکی نہیں کرے گا؟ اُس نے کہا: یارسول اللہ ! میں ہوں اور جو کچھ وہ چاہتا ہے میں اُس کے لئے کئے دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 2706
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے اعرج سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا۔ حضرت کعب بن مالکؓ سے روایت ہے کہ عبداللہ بن ابی حَدْرَدْ اسلمی کے ذمہ اُن کا کچھ قرضہ تھا۔ وہ اُن سے ملے اور اُن سے چمٹ گئے۔ یہاں تک کہ دونوں کی آوازیں بلند ہوئیں۔ اِتنے میں نبی ﷺ بھی اُن کے پاس سے گزرے اور آپؐ نے فرمایا: کعبؓ! اور اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا جیسے کوئی کہتا ہے آدھا چھوڑ دو۔ چنانچہ حضرت کعبؓ نے جو عبداللہ کے ذمہ تھا، اُس کا آدھا لے لیا اور آدھا چھوڑ دیا۔
صحیح بخاری 2707
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمی کے ہر جوڑ پر ہر دن جس میں سورج نکلتا ہے صدقہ لازم ہے۔ لوگوں کے درمیان عدل کرے تو یہ بھی صدقہ ہے۔
صحیح بخاری 2708
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت زبیرؓ (ان سے) بیان کرتے تھے کہ مدینہ کی پتھریلی زمین کے ایک کاریزہ کے متعلق اُن کا ایک انصاری شخص سے جھگڑا ہوا جو غزوۂ بدر میں شریک ہوئے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس وہ جھگڑا فیصلہ کے لئے لے آئے۔ وہ دونوں زمین کو اُس کاریزہ سے پانی دیا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت زبیرؓ سے فرمایا: زبیر! تم پانی دو۔ پھر اپنے پڑوسی کے لئے چھوڑ دو۔ وہ انصاری ناراض ہوگیا۔ اُس نے کہا: یا رسول اللہ! اس لئے کہ وہ آپؐ کی پھوپھی کا بیٹا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ پھر آپؐ نے (حضرت زبیرؓ سے) فرمایا: تم پانی دو اور اسے روکے رکھو۔ یہاں تک کہ وہ منڈیروں تک آجائے۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت زبیرؓ کو ان کا پورا حق دِلوایا۔ حالانکہ رسول اللہ ﷺ اس سے پہلے حضرت زبیرؓ کو اپنی رائے کا اشارہ کر چکے تھے، جس میں اُن کے اور اُس انصاری کے لئے بڑی گنجائش تھی۔ جب انصاری نے رسول اللہ ﷺ کو ناراض کر دیا تو آپؐ نے حضرت زبیرؓ کو صاف صحیح فیصلہ دے کر ان کا پورا حق دِلا دیا۔ عروہ نے کہا: حضرت زبیرؓ کہتے تھے: بخدا! میں یہی سمجھتا ہوں کہ یہ آیت اسی (واقعہ) سے متعلق نازل ہوئی: تیرے رب کی ہی قسم ہے ہرگز ہرگز مومن نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ تجھے اُن باتوں میں حَکَم نہ بنائیں جو اُن کے درمیان اِختلافی صورت اختیار کرتی ہیں۔
صحیح بخاری 2709
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے وہب بن کیسان سے، وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میرے باپ فوت ہو گئے اور اُن کے ذمہ کچھ قرض تھا۔ میں نے اُن کے قرض خواہوں کے سامنے تجویز پیش کی کہ جو قرض اُن کے ذمہ ہے، اُس کے بدلہ میں پھل لے لیں۔ وہ نہ مانے کیونکہ اس میں وہ اپنے قرضہ کی پوری اَدائیگی نہ دیکھتے تھے۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے اِس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم انہیں توڑو اور خرمن میں رکھ دو تو رسول اللہ ﷺ کو اطلاع دینا۔ پھر آپؐ آئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ بھی تھے۔ آپؐ (خرمن) کے قریب بیٹھ گئے اور برکت کے لئے دعا کی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اپنے قرض خواہوں کو بلائو اور انہیں اُن کا قرضہ پورا پورا اَدا کرو۔ پھر جس کسی شخص کا قرض بھی میرے باپ کے ذمہ تھا۔ میں نے اُسے نہیں چھوڑا اور قرض اَدا کر دیا۔ تیرہ وسق بچ رہے۔ سات وسق عجوہ (کھجور کی قسم) اور چھ وسق لون (کھجور کی قسم) یا چھ وسق عجوہ اور سات وسق لون۔ پھر میں مغرب کے وقت رسول اللہ ﷺ سے ملا اور آپؐ سے اِس کا ذکر کیا۔ آپؐ ہنسے اور فرمایا: ابوبکرؓ اور عمرؓ کے پاس جاؤ اور انہیں بتائو۔ اُن دونوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے وہ کیا جو آپؐ نے کیا تو ہم اُسی وقت جان چکے تھے کہ ایسا ہی ہوگا۔ اور ہشام نے وہب سے، وہب نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے (مغرب کی جگہ) عصر کی نماز کا ذکر کیا اور حضرت ابوبکرؓ کا ذکر نہیں کیا اور نہ کہا کہ آپؐ ہنس پڑے اور یہ بھی کہا: میرے باپ نے اپنے ذمہ تیس وسق قرضہ چھوڑا تھا۔ اور ابن اسحاق نے وہب سے، وہب نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے ظہر کی نماز کا ذکر کیا۔