کتاب 1: باب مَا جَاءَ فِي الإِصْلاَحِ بَيْنَ النَّاسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2690
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا۔ ابو غسان نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: ابو حازم (سلمہ بن دینار) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ (قبیلہ) بنی عمرو بن عوف کے بعض لوگوں کے درمیان کچھ جھگڑا تھا تو نبی ﷺ اپنے صحابہ میں سے چند لوگوں سمیت اُن کے پاس گئے تاکہ اُن کے درمیان صلح کرائیں۔ نماز کا وقت ہوگیا اور نبی ﷺ (واپس) نہ آئے۔ حضرت بلالؓ آئے نماز کے لئے اذان دی اور نبی ﷺ (واپس) نہ پہنچے۔ تب (حضرت بلالؓ) حضرت ابو بکرؓ کے پاس آئے اور کہا: نبی ﷺ تو رُک گئے ہیں اور نماز کا وقت ہوگیا ہے تو کیا آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں گے؟ انہوں نے کہا: اچھا اگر تم چاہو۔ (حضرت بلالؓ نے) نماز کے لئے اقامت کہی اور حضرت ابو بکرؓ آگے بڑھے اور اِس کے بعد نبی ﷺ صفوں سے گزرتے ہوئے آئے اور پہلی صف میں کھڑے ہوگئے۔ لوگ تالیاں بجانے لگے اور بہت (تالیاں) بجائیں اور حضرت ابو بکرؓ نماز میں اِدھر اُدھر نگاہ نہیں کرتے تھے۔ (جب بہت تالیاں بجیں) تو انہوں نے مڑ کر دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ نبی ﷺ اُن کے پیچھے ہیں۔ آنحضرت ﷺ نے اُن کو اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا کہ وہ نماز پڑھائیں، جیسا کہ وہ پڑھا رہے ہیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور اللہ کی حمد کی اور پھر وہ اُلٹے پاؤں ہٹے، یہاں تک کہ صف میں آگئے اور نبی ﷺ آگے بڑھے اور آپؐ نے لوگوں کو نماز پڑھائی۔ جب آپؐ (نماز سے) فارغ ہوئے تو آپؐ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگو! جب نماز میں تمہیں کوئی بات پیش آئے تو تم تالیاں بجانے لگ جاتے ہو۔ تالیاں بجانا تو عورتوں کے لئے ہے۔ جس کسی کو نماز میں کوئی بات پیش آئے تو چاہیے کہ وہ سبحان اللہ کہے۔ پھر جو کوئی اُسے سنے گا ضرور متوجہ ہوگا۔ ابو بکرؓ! جب میں نے آپؓ کو اِشارہ کیا تھا تو آپؓ کو کون سی بات مانع ہوئی کہ لوگوں کو نماز نہیں پڑھائی؟ انہوں نے کہا: ابو قحافہ کے بیٹے کو شایان نہیں تھا کہ نبی ﷺ کے آگے (کھڑا) ہو کر نماز پڑھائے۔
صحیح بخاری 2691
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا: اگر آپؐ عبداللہ بن ابی کے پاس آئیں (تو اچھا ہو۔) نبی ﷺ اُس کے پاس جانے کے لئے روانہ ہوئے۔ گدھا آپؐ کی سواری میں تھا۔ مسلمان بھی آپؐ کے ساتھ چل پڑے اور وہاں کی زمین شوریدہ تھی۔ جب نبی ﷺ اُس کے پاس پہنچے تو اُس نے کہا: مجھ سے دُور رہیں۔ بخدا ! آپؐ کے گدھے کی بدبو نے مجھے تکلیف دی ہے۔ تو صحابہ میں سے ایک انصاری (حضرت عبداللہ بن رواحہؓ) بولے: بخدا ! رسول اللہ ﷺ کا گدھا تجھ سے زیادہ خوشبودار ہے۔ عبداللہ (بن ابی ّ) کی قوم میں سے ایک شخص اس کی وجہ سے غصہ میں بھر گیا اور اُن دونوں نے آپس میں ایک دوسرے کو سخت سُست کہا۔ جس کی وجہ سے دونوں کے ساتھی بھڑک اُٹھے اور نوبت چھڑیوں، جوتوں اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ یہ آیت (اسی واقعہ سے متعلق) نازل ہوئی یعنی اگر مومنوں میں دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو اُن کی صلح کرا دو۔