کتاب 7: باب الصُّلْحِ مَعَ الْمُشْرِكِينَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2700
اور موسیٰ بن مسعود نے کہا: سفیان بن سعید نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے حدیبیہ کے دن مشرکوں سے تین باتوں پر صلح کی کہ جو مشرکین میں سے اُن کے پاس آئے گا آپؐ اسے اُن کی طرف واپس کردیں گے اور جو اُن کے پاس مسلمانوں میں سے آئے وہ اُس کو واپس نہیں کریں گے۔ اور آپؐ آئندہ (سال) مکہ میں آئیں گے اور اُس میں تین دن ٹھہریں گے۔ ہتھیار تلوار اور کمان وغیرہ غلاف میں رکھے ہوئے (مکہ میں) داخل ہوں گے۔ حضرت ابو جندلؓ زنجیروں میں لڑکھڑاتے ہوئے آئے تو آپؐ نے انہیں اُن کی طرف واپس کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: مومل (بن اسماعیل) نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے حضرت ابو جندلؓ کا ذکر نہیں کیا اور لفظ جُلُبَّان کی جگہ جُلُب کہا۔
صحیح بخاری 2701
محمد بن رافع نے ہمیں بتایا۔ سُرَیج بن نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ فُلَیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ عمرہ کرنے کے لئے نکلے۔ مگر کفارِ قریش نے آپؐ کے اور بیت اللہ کے درمیان رکاوٹ ڈالی اور آپؐ نے حدیبیہ میں اپنی قربانی کے اُونٹ ذبح کر دئیے اور اپنے سر کے بال منڈوا دئیے اور اُن سے فیصلہ کیا کہ آئندہ سال آپؐ عمرہ کریں گے اور تلواروں کے سوا کوئی ہتھیار نہیں لائیں گے اور مکہ میں آپؐ اتنی ہی دیر ٹھہریں گے جتنی دیر وہ چاہیں گے۔ چنانچہ آپؐ نے آئندہ سال عمرہ کیا اور اس طرح مکہ میں داخل ہوئے جس طرح کہ آپؐ نے اُن سے معاہدہ کیا تھا۔ جب آپؐ وہاں تین دن رہے تو مشرکوں نے آپؐ سے چلے جانے کے لئے کہا اور آپؐ چلے گئے۔
صحیح بخاری 2702
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ (بن سعید انصاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُشَیر بن یسار سے، بُشَیر نے سہل بن ابی حثمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن سہل اور مُحَیِّصہ بن مسعود بن زید خیبر کی طرف چلے گئے اور (اہل خیبر سے) اُن دِنوں صلح کی ہوئی تھی۔