کتاب 8: باب الصُّلْحِ فِي الدِّيَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2703
محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حمید (طویل) نے مجھے بتایا۔ حضرت انسؓ نے اُن سے بیان کیا کہ رُبیع نے جو نضر کی بیٹی تھیں ایک لڑکی کا دانت توڑ ڈالا۔ (لڑکی والوں نے) دِیت مانگی اور (رُبیع کے لوگوں نے) معافی مانگی۔ انہوں نے نہ مانا۔ وہ نبیﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ نے اُن سے فرمایا: قصاص لیں۔ حضرت انس بن نضرؓ (جو حضرت انسؓ بن مالک کے چچا تھے) نے کہا: یا رسول اللہ! کیا رُبیع کا دانت توڑا جائے گا؛ نہیں۔ اُس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ مبعوث کیا، ایسا تو نہیں ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا: انس! اللہ کا حکم یہی ہے کہ قصاص لیا جائے۔ پھر وہ لوگ (لڑکی والے) راضی ہوگئے اور انہوں نے معاف کردیا۔ نبیﷺ نے فرمایا: اللہ کے بندوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو اگر اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے قسم کھائیں تو وہ اُن کی قسم کو ضرور سچا کردیتا ہے۔ (مروان بن معاویہ) فزاری نے حمید سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے اِتنا زیادہ بیان کیا۔ پھر وہ لوگ راضی ہوگئے اور انہوں نے دِیت قبول کرلی۔