کتاب 9: بَابُ قَوْلُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِلْحَسَنِ بْنِ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا: «ابْنِي هَذَا سَيِّدٌ، وَلَعَلَّ اللَّهَ أَنْ يُصْلِحَ بِهِ بَيْنَ فِئَتَيْنِ عَظِيمَتَيْنِ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2704
ہم سے عبداللہ بن محمد نے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ ابوموسیٰ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت حسن بن علیؓ بخدا پہاڑوں کی طرح فوجیں لے کر معاویہؓ کا مقابلہ کرنے کے لئے آئے تھے۔ عمروؓ بن عاص نے کہا: میں تو ایسی فوجیں دیکھ رہا ہوں جو تاوقتیکہ اپنے ہمسروں کو مار نہ لیں پیٹھ نہ پھیریں گی۔ حضرت معاویہؓ نے جو بخدا عمروؓ بن عاص سے بہتر تھے، کہا: عمروؓ ! اگر انہوں نے ان کو مار ڈالا اور انہوں نے ان کو تو لوگوں کی حکومت کون سنبھالے گا۔ ان کی عورتوں کا اور ان کی جائیدادوں کا نگران کون ہوگا؟ پھر معاویہؓ نے قریش کے دو شخصوں کو جو کہ عبدالشمس کی اولاد میں سے تھے۔ یعنی عبدالرحمن بن سمرہ اور عبداللہ بن عامر بن کریز کو اُن کے پاس بھیجا اور کہا: تم اس شخص کے پاس جاؤ اور اس کے سامنے صلح پیش کرو اور اس سے گفتگو کرو اور اس سے منوائو۔ چنانچہ وہ دونوں ان کے پاس آئے اور گفتگو کی اور ان سے بات کی اور صلح کا مطالبہ کیا۔ حضرت حسن بن علیؓ نے ان سے کہا: ہم عبدالمطلب کے بیٹے ہیں۔ ہمیں مال تو مل چکا ہے اور اصل بات یہ ہے کہ یہ امت اپنی خونریزیوں میں حد سے گزر گئی ہے۔ انہوں نے کہا: وہ آپؓ کے سامنے یہ یہ شرطیں پیش کرتے ہیں اور آپؓ سے صلح چاہتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں۔ (حضرت حسنؓ نے) کہا: ان باتوں کا کون ذمہ دار ہوگا؟ اُن دونوں نے کہا: ہم آپؓ کے لئے اِس کے ذمہ دار ہیں۔ جس بات کا بھی حضرت حسنؓ ان دونوں سے مطالبہ کرتے وہ یہی کہتے کہ ہم اِس کے ذمہ دار ہیں۔ آخر انہوں نے معاویہؓ سے صلح کر لی۔ حسن (بصری) کہتے تھے: میں نے حضرت ابوبکرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو منبر پر دیکھا اور حضرت حسن بن علیؓ آپؐ کے پہلو میں تھے۔ آپؐ کبھی لوگوں کی طرف متوجہ ہوتے اور کبھی اُن کی طرف اور فرماتے: میرا یہ بیٹا سردار ہے اور اُمید ہے کہ اللہ اِس کے ذریعے مسلمانوں کی دو بڑی جماعتوں کے درمیان صلح کرائے گا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ ) کہتے ہیں: علی بن عبداللہ (مدینی) نے مجھے کہا کہ حضرت ابوبکرہؓ سے حسن (بصری) کا سننا صرف اِس حدیث سے ثابت ہوا ہے۔