کتاب 10: باب هَلْ يُشِيرُ الإِمَامُ بِالصُّلْحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2705
اسماعیل بن ابی اُویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے ابوالرجال محمد بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ اُن کی ماں عمرہ بنت عبدالرحمن نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ نے دروازے پر بعض جھگڑا کرنے والوں کی آواز سنی۔ دونوں کی آوازیں بلند ہو رہی تھیں۔ اِتنے میں دونوں میں سے ایک دوسرے سے کچھ قرضہ چھوڑنے اور نرمی کرنے کے لئے کہہ رہا تھا اور دوسرا کہہ رہا تھا: اللہ کی قسم ! میں نہیں چھوڑوں گا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس باہر گئے اور پوچھا: وہ کہاں ہے جو اللہ کی قسم کھا رہا تھا کہ وہ نیکی نہیں کرے گا؟ اُس نے کہا: یارسول اللہ ! میں ہوں اور جو کچھ وہ چاہتا ہے میں اُس کے لئے کئے دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 2706
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے اعرج سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا۔ حضرت کعب بن مالکؓ سے روایت ہے کہ عبداللہ بن ابی حَدْرَدْ اسلمی کے ذمہ اُن کا کچھ قرضہ تھا۔ وہ اُن سے ملے اور اُن سے چمٹ گئے۔ یہاں تک کہ دونوں کی آوازیں بلند ہوئیں۔ اِتنے میں نبی ﷺ بھی اُن کے پاس سے گزرے اور آپؐ نے فرمایا: کعبؓ! اور اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا جیسے کوئی کہتا ہے آدھا چھوڑ دو۔ چنانچہ حضرت کعبؓ نے جو عبداللہ کے ذمہ تھا، اُس کا آدھا لے لیا اور آدھا چھوڑ دیا۔