کتاب 54: كتاب الشروط
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2711
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے مروان اور مِسوَر بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ اُن دونوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: جب (حدیبیہ میں) سہیل بن عمرو نے (صلح نامہ) لکھوایا تو اس وقت سہیل بن عمرو نے نبی ﷺ پر جو شرطیں لگائیں (اُن میں یہ شرط بھی تھی) کہ ہم میں سے جو شخص آپؐ کے پاس آئے گو وہ آپؐ کے دین پر ہی ہو تو آپؐ اُسے ضرور ہماری طرف واپس کریں گے اور ہمارے اور اس کے درمیان دخل نہ دیں گے۔ مومنوں نے اسے بُرا مانا اور اس سے بہت پیچ و تاب کھائے مگر سہیل نے اس کے بغیر (صلح کرنے سے) انکار کردیا۔ اس لئے نبی ﷺ نے یہی اُس کو لکھ دیا اور آپؐ نے اُسی دِن ابوجندلؓ کو اس کے باپ سہیل بن عمرو کی طرف لَوٹا دیا اور اس اَثناء میں جو مرد بھی آپؐ کے پاس آتا آپؐ اسے واپس کر دیتے گو وہ مسلمان ہی ہوتا۔ اور مومن عورتیں ہجرت کرکے آئیں اور حضرت امّ کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیط بھی انہیں عورتوں میں سے تھیں، جو اُن دِنوں (مکہ سے) نکل کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور وہ کنواری تھیں۔ ان کے رشتہ دار آئے۔ نبی ﷺ سے درخواست کرنے لگے کہ آپؐ انہیں واپس کر دیں۔ آپؐ نے انہیں واپس نہیں دیا کیونکہ اللہ نے اُن عورتوں سے متعلق حکم نازل کیا تھا: جب مومن عورتیں تمہارے پاس ہجرت کرکے آئیں تو انہیں اچھی طرح آزما لیا کرو۔ اللہ اُن کے ایمان کو خوب جانتا ہے۔ لیکن اگر تم بھی جان لو کہ وہ مومن عورتیں ہیں تو اُن کو کافروں کی طرف نہ لَوٹائو۔ نہ وہ اُن (یعنی کافروں) کے لئے جائز ہیں ؛ اور نہ وہ (کافر) ان عورتوں کے لئے جائز ہیں۔
صحیح بخاری 2712
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے مروان اور مِسوَر بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ اُن دونوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: جب (حدیبیہ میں) سہیل بن عمرو نے (صلح نامہ) لکھوایا تو اس وقت سہیل بن عمرو نے نبی ﷺ پر جو شرطیں لگائیں (اُن میں یہ شرط بھی تھی) کہ ہم میں سے جو شخص آپؐ کے پاس آئے گو وہ آپؐ کے دین پر ہی ہو تو آپؐ اُسے ضرور ہماری طرف واپس کریں گے اور ہمارے اور اس کے درمیان دخل نہ دیں گے۔ مومنوں نے اسے بُرا مانا اور اس سے بہت پیچ و تاب کھائے مگر سہیل نے اس کے بغیر (صلح کرنے سے) انکار کردیا۔ اس لئے نبی ﷺ نے یہی اُس کو لکھ دیا اور آپؐ نے اُسی دِن ابوجندلؓ کو اس کے باپ سہیل بن عمرو کی طرف لَوٹا دیا اور اس اَثناء میں جو مرد بھی آپؐ کے پاس آتا آپؐ اسے واپس کر دیتے گو وہ مسلمان ہی ہوتا۔ اور مومن عورتیں ہجرت کرکے آئیں اور حضرت امّ کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیط بھی انہیں عورتوں میں سے تھیں، جو اُن دِنوں (مکہ سے) نکل کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور وہ کنواری تھیں۔ ان کے رشتہ دار آئے۔ نبی ﷺ سے درخواست کرنے لگے کہ آپؐ انہیں واپس کر دیں۔ آپؐ نے انہیں واپس نہیں دیا کیونکہ اللہ نے اُن عورتوں سے متعلق حکم نازل کیا تھا: جب مومن عورتیں تمہارے پاس ہجرت کرکے آئیں تو انہیں اچھی طرح آزما لیا کرو۔ اللہ اُن کے ایمان کو خوب جانتا ہے۔ لیکن اگر تم بھی جان لو کہ وہ مومن عورتیں ہیں تو اُن کو کافروں کی طرف نہ لَوٹائو۔ نہ وہ اُن (یعنی کافروں) کے لئے جائز ہیں ؛ اور نہ وہ (کافر) ان عورتوں کے لئے جائز ہیں۔
صحیح بخاری 2713
عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ عورتوں کو یٰاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اِذَا جَآئَ کُمُ الْمُؤْمِنٰتُ مُھٰجِرَاتٍ فَامْتَحِنُوْھُنَّ… کی آیت کی بناء پر آزمایا کرتے تھے۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اُن (عورتوں) میں سے جو شرائط مان لیتی؛ رسول اللہ ﷺ اُس سے فرماتے: میں نے تجھ سے بیعت لے لی ہے۔ یہ بات آپؐ اس سے زبان ہی سے کہتے اور بخدا آپؐ کا ہاتھ بیعت کے وقت کبھی کسی عورت کے ہاتھ سے نہ چھوتا اور عورتوں سے صرف اپنی زبان سے بیعت لے لیتے۔
صحیح بخاری 2714
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زیاد بن علاقہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے جریر (بن عبداللہ بجلی) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی تو آپؐ نے مجھ پر یہ شرط بھی عائد کی کہ ہر ایک مسلمان کی خیر خواہی بھی کرنی ہوگی۔
صحیح بخاری 2715
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قیس بن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے نماز سنوار کر پڑھنے، زکوٰۃ دینے اور ہر ایک مسلمان کے لئے خیر خواہی کرنے کی بیعت کی۔
صحیح بخاری 2716
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو ایسی کھجوریں بیچے جنہیں پیوند کیا جا چکا ہو تو اُن کا پھل بیچنے والے کے لئے ہوگا؛ سوائے اس کے کہ خریدار شرط کر لے۔
صحیح بخاری 2717
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں خبر دی کہ بریرہؓ حضرت عائشہؓ کے پاس آئی۔ ان سے اپنی کتابت کے متعلق مدد مانگتی تھی اور ابھی تک اس نے اپنی کتابت سے کچھ بھی ادا نہیں کیا تھا۔ حضرت عائشہؓ نے اس سے کہا: اپنے مالکوں کے پاس واپس جاؤ۔ اگر وہ پسند کریں کہ میں تمہاری طرف سے تمہاری کتابت (کا روپیہ) ادا کر دوں اور تمہارا حق وراثت میرا ہو تو میں ادا کیے دیتی ہوں۔ بریرہؓ نے اپنے مالکوں سے یہ ذکر کیا تو وہ نہ مانے اور انہوں نے کہا: اگر حضرت عائشہؓ چاہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے تم پر کوئی احسان کریں تو وہ کریں مگر تمہار ا حق وراثت ہمارا ہی ہوگا۔ پھر حضرت عائشہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: تم خرید لو اور آزاد کر دو کیونکہ حق وراثت تو اسی کا ہوتا ہے جو آزاد کر دے۔
صحیح بخاری 2718
قَالَ شُعْبَةُ عَنْ مُغِيرَةَ عَنْ عَامِرٍ عَنْ جَابِرٍ أَفْقَرَنِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ظَهْرَهُ إِلَىَ الْمَدِينَةِ.
وَقَالَ إِسْحَاقُ عَنْ جَرِيرٍ عَنْ مُغِيرَةَ فَبِعْتُهُ عَلَى أَنَّ لِي فَقَارَ ظَهْرِهِ حَتَّى أَبْلُغَ الْمَدِينَةَ. وَقَالَ عَطَاءٌ وَغَيْرُهُ لَكَ ظَهْرُهُ إِلَى الْمَدِينَةِ وَقَالَ مُحَمَّدُ بْنُ الْمُنْكَدِرِ عَنْ جَابِرٍ شَرَطَ ظَهْرَهُ إِلَى الْمَدِينَةِ. وَقَالَ زَيْدُ بْنُ أَسْلَمَ عَنْ جَابِرٍ وَلَكَ ظَهْرُهُ حَتَّى تَرْجِعَ. وَقَالَ أَبُو الزُّبَيْرِ عَنْ جَابِرٍ أَفْقَرْنَاكَ ظَهْرَهُ إِلَى الْمَدِينَةِ. وَقَالَ الأَعْمَشُ عَنْ سَالِمٍ عَنْ جَابِرٍ تَبَلَّغْ عَلَيْهِ إِلَى أَهْلِكَ. وَقَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ وَابْنُ إِسْحَاقَ عَنْ وَهْبٍ عَنْ جَابِرٍ اشْتَرَاهُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بِوَقِيَّةٍ. وَتَابَعَهُ زَيْدُ بْنُ أَسْلَمَ عَنْ جَابِرٍ. وَقَالَ ابْنُ جُرَيْجٍ عَنْ عَطَاءٍ وَغَيْرِهِ عَنْ جَابِرٍ أَخَذْتُهُ بِأَرْبَعَةِ دَنَانِيرَ. وَهَذَا يَكُونُ وَقِيَّةً عَلَى حِسَابِ الدِّينَارِ بِعَشَرَةِ دَرَاهِمَ. وَلَمْ يُبَيِّنِ الثَّمَنَ مُغِيرَةُ عَنِ الشَّعْبِيِّ عَنْ جَابِرٍ وَابْنُ الْمُنْكَدِرِ وَأَبُو الزُّبَيْرِ عَنْ جَابِرٍ. وَقَالَ الأَعْمَشُ عَنْ سَالِمٍ عَنْ جَابِرٍ وَقِيَّةُ ذَهَبٍ. وَقَالَ أَبُو إِسْحَاقَ عَنْ سَالِمٍ عَنْ جَابِرٍ بِمِائَتَىْ دِرْهَمٍ. وَقَالَ دَاوُدُ بْنُ قَيْسٍ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ مِقْسَمٍ عَنْ جَابِرٍ اشْتَرَاهُ بِطَرِيقِ تَبُوكَ أَحْسِبُهُ قَالَ بِأَرْبَعِ أَوَاقٍ. وَقَالَ أَبُو نَضْرَةَ عَنْ جَابِرٍ اشْتَرَاهُ بِعِشْرِينَ دِينَارًا. وَقَوْلُ الشَّعْبِيِّ بِوَقِيَّةٍ أَكْثَرُ. الاِشْتِرَاطُ أَكْثَرُ وَأَصَحُّ عِنْدِي. قَالَهُ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ.
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے عامر (شعبی) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت جابر رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ اپنے ایک اُونٹ پر سفر کر رہے تھے جو بالکل تھک کر رہ گیا تھا۔ نبی ﷺ پاس سے گزرے اور آپؐ نے اس (اُونٹ) کو مارا {اور اس کیلئے دعا کی { تو وہ ایسا چلا کہ کبھی ویسا نہیں چلا کرتا تھا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: یہ (اُونٹ) ایک اوقیہ (چاندی) کے عوض میرے پاس بیچ دو۔ }میں نے کہا: نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: ایک اوقیہ (چاندی) کے بدلے میرے ہاتھ فروخت کر دو۔ } تو میں نے بیچ دیا۔ میں نے یہ شرط لگائی کہ اپنے گھر والوں کے پاس اس پر سوار ہو کر جاؤں گا۔ جب ہم (مدینہ) پہنچے تو میں آپؐ کے پاس وہ اُونٹ لے آیا اور آپؐ نے اس کی قیمت مجھے دی۔ پھر میں واپس چلا آیا۔ آپؐ نے میرے پیچھے ایک آدمی بھیجا، فرمایا: میں ایسا نہیں ہوں، تمہارا اُونٹ لوں۔ اپنے اس اُونٹ کو لے لو۔ وہ تمہارا ہی مال ہے۔
شعبہ نے مغیرہ سے، مغیرہ نے عامر سے، عامر نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: رسول اللہ ﷺ نے مدینہ تک اُونٹ کی پیٹھ پر سوار رہنے کی مجھ کو اجازت دی۔
اور اسحاق نے جریر سے، جریر نے مغیرہ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: میں نے (آپؐ کے ہاتھ) وہ (اُونٹ) بیچ دیا؛ اس شرط پر کہ مدینہ پہنچنے تک اُس کی پیٹھ پر سوار رہوں گا۔ اور عطاء (بن ابی رباح) وغیرہ نے (حضرت جابرؓ سے) یوں نقل کیا کہ (آنحضرتﷺ نے فرمایا:) تمہیں اجازت ہے کہ مدینہ تک تم اس پر سوار رہو۔ اور محمد بن منکدر نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: مدینہ تک اُونٹ کی پیٹھ پر سوار رہنے کی شرط کر لی۔ اور زید بن اسلم نے حضرت جابرؓ سے یہ روایت نقل کرتے ہوئے یوں کہا کہ (آنحضرتؐ نے فرمایا:) لَوٹنے تک اُونٹ کی پیٹھ پر تم سوار رہ سکتے ہو۔ اور ابو زبیر نے حضرت جابرؓ سے یوں نقل کیا: مدینہ تک ہم نے تمہیں اُونٹ پر سواری کرنے کیلئے اس کی پیٹھ تمہاری ملکیت کر دی۔ اور اعمش نے سالم سے، سالم نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا کہ اپنے گھر والوں کے پاس اسی پر پہنچو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: شرط کر لینے کا ذکر کثرت سے ہے اور یہ میرے نزدیک زیادہ صحیح ہے۔ اور عبیداللہ اور (محمد) بن اسحاق نے وہب سے، انہوں نے حضرت جابرؓ سے یوں نقل کیا کہ نبی ﷺ نے اس (اُونٹ) کو ایک اوقیہ پر خرید لیا۔ اور (وہب کی طرح) زید بن اسلم نے بھی حضرت جابرؓ سے یہی روایت کی۔ اور ابن جریج نے عطاء وغیرہ سے، انہوں نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: میں نے اس کو چار دینار پر لے لیا اور یہ ایک دینار دس درہم کے حساب سے اوقیہ ہی ہوتا ہے۔ اور مغیرہ نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جابرؓ سے، اور ابن منکدر اور ابو زبیر نے بھی حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے کوئی قیمت بیان نہیں کی۔ اور اعمش نے سالم سے، سالم نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: سونے کے ایک اوقیہ کے بدلے (تم سے اُونٹ خریدا۔) اور ابو اسحاق نے سالم سے، سالم نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے دو سو درہم کہے۔ اور دائود بن قیس نے عبیداللہ بن مِقسم سے، عبیداللہ نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا کہ آپؐ نے اس (اُونٹ) کو تبوک کے رستے میں خریدا تھا۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا: چار اوقیہ پر۔ اور ابو نضرہ (منذر بن مالک) نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: آپؐ نے اس کو بیس دینار پر خریدا۔ اور (عامر) شعبی نے جو کہا ہے کہ ایک اوقیہ پر؛ یہ اکثر (روایتوں میں) ایسا ہی ہے۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا کہ یہ شرط (کہ مدینہ تک سوار رہو یہ بھی) اکثر روایتوں میں آتا ہے اور یہ میرے نزدیک زیادہ صحیح ہے۔
صحیح بخاری 2719
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) ابو زناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہ ص سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: انصار نبی ﷺ سے کہنے لگے: ہمارے اور ہمارے بھائیوں کے درمیان یہ کھجوروں کے درخت تقسیم کر دیں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ تو (انصار) نے (مہاجرین سے) کہا: تم ہماری جگہ محنت کرو تو ہم تم کو پھلوں میں شریک کر لیں گے۔ (مہاجرین نے) کہا: اچھا؛ ہم نے قبول کیا۔
صحیح بخاری 2720
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خیبر اس شرط پر یہود کو دے دیا کہ وہ اس میں محنت کریں اور کاشت کریں اور جو اس سے پیداوار ہوگی ان کو آدھا ملے گا۔
صحیح بخاری 2721
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یزید بن ابی حبیب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سب سے زیادہ مستحق شرطیں کہ جن کو تم پورا کرو، وہ ہیں جن کے ذریعہ سے تم نے (عورتوں کی) شرم گاہوں کو (اپنے لئے) حلال سمجھا ہے۔
صحیح بخاری 2722
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: میں نے حنظلہ زُرَقی سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے کہ تمام انصار میں سے ہمارے کھیت زیادہ تھے اور ہم زمین کو کرایہ پر دیا کرتے تھے۔ کبھی یہ (زمین) پیدا کرتی اور وہ (زمین) پیدا نہ کرتی۔ اس لئے ہمیں بٹائی پر زمین دینے کی ممانعت کی گئی اور روپے کے بدلے میں (زمین کا ٹھیکہ دینے سے) ممانعت نہیں کی گئی۔
صحیح بخاری 2723
مسدد نے ہمیں بتایا۔ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سعید (بن مسیب) سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بستی والا دیہاتی کے لئے نہ بیچے؛ اور تم آپس میں فریب دہی نہ کیا کرو اور نہ کبھی کوئی اپنے بھائی کی خرید و فروخت پر بڑھائے؛ اور نہ اس کے پیغام نکاح پر پیغام بھیجے؛ اور نہ کوئی عورت اپنی سوکن کو طلاق دینے کے لئے کہے تاکہ اس کے برتن کو بھی (اپنے برتن میں) اُنڈیل لے۔
صحیح بخاری 2724
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہ اور حضرت زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ان دونوں نے کہا کہ بدویوں میں سے ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اُس نے کہا: یا رسول اللہ! میں آپؐ کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ آپؐ اللہ کی کتاب کے مطابق میرا فیصلہ فرمائیں۔ اور اُس کے حریف نے بھی کہا اور وہ اُس سے زیادہ سمجھدار تھا۔ ہاں آپؐ ہمارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ فرمائیں اور مجھے (بیان کرنے کی) اجازت دیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بیان کرو۔ اُس نے کہا: میرا بیٹا اس کے پاس نوکر تھا اور اُس نے اِس کی بیوی سے زنا کیا اور مجھے بتایا گیا کہ میرا بیٹا سنگسار ہوگا۔ میں نے ایک سو بکری اور ایک لونڈی دے کر اُس کو چھڑا لیا۔ پھر میں نے علم والوں سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو تو صرف ایک سو کوڑے پڑنا تھے اور ایک سال کی جلا وطنی، اور اس (شخص) کی بیوی کو سنگسار کرنا تھا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ میں تمہارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق ہی فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں تو واپس کی جائیں اور تمہارے بیٹے کو ایک سو کوڑا لگایا جائے اور وہ ایک سال کے لئے جِلا وطن کردیا جائے۔ اُنیس! کل اس کی بیوی کے پاس جائو۔ اگر وہ اقرار کرے تو اسے سنگسار کرو۔ (حضرت ابوہریرہؓ نے) کہا: چنانچہ اُنیس دوسرے دن صبح اس کے پاس گئے۔ اُس نے اقرار کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کی نسبت فیصلہ فرمایا۔ وہ سنگسار کی گئی۔
صحیح بخاری 2725
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبید اللہ نے حضرت ابوہریرہ اور حضرت زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ان دونوں نے کہا کہ بدویوں میں سے ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اُس نے کہا: یا رسول اللہ! میں آپؐ کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ آپؐ اللہ کی کتاب کے مطابق میرا فیصلہ فرمائیں۔ اور اُس کے حریف نے بھی کہا اور وہ اُس سے زیادہ سمجھدار تھا۔ ہاں آپؐ ہمارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ فرمائیں اور مجھے (بیان کرنے کی) اجازت دیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بیان کرو۔ اُس نے کہا: میرا بیٹا اس کے پاس نوکر تھا اور اُس نے اِس کی بیوی سے زنا کیا اور مجھے بتایا گیا کہ میرا بیٹا سنگسار ہوگا۔ میں نے ایک سو بکری اور ایک لونڈی دے کر اُس کو چھڑا لیا۔ پھر میں نے علم والوں سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو تو صرف ایک سو کوڑے پڑنا تھے اور ایک سال کی جلا وطنی، اور اس (شخص) کی بیوی کو سنگسار کرنا تھا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ میں تمہارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق ہی فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں تو واپس کی جائیں اور تمہارے بیٹے کو ایک سو کوڑا لگایا جائے اور وہ ایک سال کے لئے جِلا وطن کر دیا جائے۔ اُنیس! کل اس کی بیوی کے پاس جائو۔ اگر وہ اقرار کرے تو اسے سنگسار کرو۔ (حضرت ابوہریرہؓ نے) کہا: چنانچہ اُنیس دوسرے دن صبح اس کے پاس گئے۔ اُس نے اقرار کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کی نسبت فیصلہ فرمایا۔ وہ سنگسار کی گئی۔
صحیح بخاری 2726
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد بن ایمن مکی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا۔ کہتی تھیں کہ بریرہؓ میرے پاس آئی اور وہ مکاتَبہ تھی۔ اس نے کہا: امّ المومنین! آپؓ مجھے خرید لیں کیونکہ میرے مالک مجھے بیچتے ہیں۔ پھر آپؓ مجھ کو آزاد کردیں۔ (حضرت عائشہؓ نے) کہا: اچھا۔ بریرہؓ نے کہا: میرے مالک مجھے نہیں بیچتے جب تک میرے حق وراثت کو اپنے لئے مشروط نہ کر لیں۔ (یہ سن کر حضرت عائشہؓ نے) کہا: مجھے تمہاری ضرورت نہیں۔ یہ بات رسول اللہ ﷺ نے سنی؛ یا آپؐ کو پہنچی تو آپؐ نے (حضرت عائشہ سے) پوچھا کہ بریرہؓ کا کیا معاملہ ہے؟ آپؐ نے (معاملہ سن کر) فرمایا: تم اسے خرید لو اور اس کو آزاد کردو اور وہ جو چاہیں شرطیں کر لیں۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: تب میں نے اسے خرید لیا اور اس کو آزاد کردیا؛ اور اس کے مالکوں نے اس کے حق وراثت کو اپنے لئے مشروط رکھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: حق وراثت تو اس کا ہوتا ہے جو آزاد کرے، خواہ مالک سو شرطیں لگائیں۔
صحیح بخاری 2727
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے تجارتی قافلہ سے آگے جا کر ملنے کی ممانعت کی۔ اور اس بات سے بھی کہ کوئی مہاجر کسی بدوی کے لئے خرید و فروخت کرے۔ اور اس سے بھی کہ کوئی عورت اپنی بہن کو طلاق دینے کی شرط کرے۔ اور اس سے بھی کہ کوئی آدمی اپنے بھائی کے سودے پر سودا کرے۔ اور آپؐ نے دھوکا دینے کیلئے قیمت بڑھانے سے اور تھنوں میں دودھ جمع رکھنے سے بھی منع فرمایا ہے۔ (محمد بن عرعرہ کی طرح) معاذ (بن معاذ) اور عبدالصمد نے بھی شعبہ سے یہ روایت نقل کی ہے۔ اور غندر اور عبدالرحمن (بن مہدی) نے یوں کہا: منع کیا گیا ہے۔ اور آدم (بن ابی ایاس) نے کہا کہ ہمیں ممانعت کی گئی؛ اور نضر (بن شمیل) اور حجاج بن منہال نے یوں کہا کہ (آنحضرت ﷺ) نے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 2728
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ ان کو ابن جریج نے خبر دی، کہا کہ مجھے یعلی بن مسلم اور عمرو بن دینار نے سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے کچھ زیادہ بیان کرتا تھا۔ (ابن جریج نے کہا:) مجھ سے یہ بات یعلی اور عمرو کے سوا اَوروں نے بھی بیان کی۔ (کہتے تھے:) میں نے ان کو سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے خود سنا۔ انہوں نے کہا: ہم (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس تھے کہ انہوں نے کہا: ابی بن کعب نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کے رسول موسٰیؑ۔۔۔ پھر آپؐ نے سارا واقعہ بیان کیا (جو قرآنِ مجید میں بیان ہوا ہے کہ خضرؑ نے موسٰیؑ سے) کہا: کیا میں نے نہیں کہا تھا کہ تم میرے ساتھ استقلال سے نہیں ٹھہر سکو گے۔ پہلی بات بھول کر ہوئی اور درمیان کی بات شرطیہ تھی اور تیسری بات جان بوجھ کر ہوئی۔ (موسٰیؑ نے) کہا: جو میں بھول گیا اس پر میری گرفت نہ کریں اور میری غلطی کی وجہ سے مجھے مشکلات میں نہ ڈالیں۔ وہ دونوں ایک لڑکے سے ملے تو خضرؑ نے اس کو مار ڈالا۔ دونوں آگے چلے اور پھر ان دونوں نے ایک دیوار پائی جو گرنے کو تھی۔ انہوں نے اس کو درست کر دیا۔ حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت یوں پڑھی ہے: اَمَامَھُمْ مَلِکٌ (بجائے وَرَآئَھُمْ مَلِکٌ کے۔)
صحیح بخاری 2729
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں: بریرہؓ میرے پاس آئی، کہنے لگی کہ میں نے اپنے مالکوں سے اپنی آزادی کے لئے نَواوقیہ ادا کرنے پر تحریری معاہدہ کرلیا ہے اور ہر سال میں ایک اوقیہ ادا کروں گی۔ اس لئے آپؓ میری مدد کریں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: اگر وہ (یعنی مالک) پسند کریں کہ میں ان کو (نَو اوقیہ ابھی) نقد ادا کردوں، اس شرط پر کہ تمہارا ترکہ میرا ہوگا؛ تو میں نقد دے دوں گی۔ بریرہؓ اپنے مالکوں کے پاس گئی اور ان سے ساری بات کہہ دی لیکن انہوں نے بات نہ مانی۔ جب وہ وہاں سے واپس آئی تو اُس وقت رسول اللہ ﷺ تشریف فرما تھے۔ اس نے (حضرت عائشہؓ سے) کہا: میں نے تو اُن کے سامنے (آپؓ کی) یہ بات پیش کردی تھی لیکن انہوں نے منظور نہیں کی؛ بجز اس کے کہ ترکہ انہی کا ہو۔ نبی ﷺ نے یہ بات سنی (تو دریافت فرمایا۔) حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے سارا واقعہ بیان کردیا۔ آپؐ نے فرمایا: بریرہؓ کو خرید لو اور انہیں رہنے دو۔ وہ حق وراثت کی شرط کیا کریں۔ حق وراثت تو اس کے لئے ہوتا ہے جو آزاد کرے۔ حضرت عائشہؓ نے ایسا ہی کیا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے، آپؐ نے اللہ کی حمد بیان کی اور تعریف کی؛ پھر فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ ایسی شرطیں لگاتے ہیں جو اللہ کی کتاب میں نہیں پائی جاتیں۔ جو شرط بھی ایسی ہوگی کہ اللہ کی کتاب میں نہیں تو وہ باطل ہوگی؛ گو سو شرطیں ہوں۔ اللہ کا فیصلہ ہی اس بات کا مستحق ہے کہ اس پر عمل کیا جائے اور اللہ کی شرط ہی زیادہ مضبوط ہے۔ حق وراثت اسی کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔
صحیح بخاری 2730
رَوَاهُ حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ أَحْسِبُهُ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ عَنْ عُمَرَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم اخْتَصَرَهُ.
ابو احمد (مرار بن حمویہ) نے ہمیں بتایا کہ محمد بن یحيٰ ابوغسان کنانی نے ہم سے بیان کیا۔ (اس نے کہا) کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب خیبر والوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو مارا اور ان کے ہاتھ پائوں مروڑے تو حضرت عمرؓ لوگوں میں کھڑے ہو کر ان سے مخاطب ہوئے اور کہا: رسول اللہ ﷺ نے خیبر کے یہودیوں سے اُن کی ملکیتوں میں بٹائی کا معاملہ کیا تھا اور فرمایا تھا: ہم تمہیں اس وقت تک یہاں رکھیں گے جب تک اللہ تمہیں یہاں رکھے گا۔ اور عبداللہ بن عمرؓ اپنا مال لینے کے لیے وہاں گئے تو رات کو ان پر حملہ کیا گیا اور ان کے دونوں ہاتھ اور دونوں پائوں مروڑ کر ٹیڑھے کر دئیے اور وہاں اُن (یہودیوں) کے سوا ہمارا کوئی دشمن نہیں۔ وہی ہمارے دشمن ہیں اور انہی پر ہمارا شبہ ہے۔ اور میں نے مناسب خیال کیا ہے کہ ان کو وہاں سے نکال دوں۔ جب حضرت عمرؓ نے اس بات کا پختہ ارادہ کر لیا تو بنواَبی حُقَیق میں سے ایک شخص اُن کے پاس آیا اور اس نے کہا: امیر المومنین! کیا آپؓ ہمیں نکالتے ہیں ؛ بحالیکہ محمد (ﷺ) نے ہم کو وہاں ٹھہرایا تھا اور ہمارے ساتھ ان زمینوں (میں بٹائی) کا معاملہ کیا تھا اور ہم سے یہی شرط کی تھی (کہ تم یہیں رہنا۔) حضرت عمرؓ نے کہا: کیا تم یہ سمجھتے ہو، میں رسول اللہ ﷺ کی بات بھول گیا ہوں۔ (آپؐ نے فرمایا تھا) کہ تمہارا کیا حال ہوگا جب خیبر سے تم نکالے جاؤ گے اور تمہاری اُونٹنی تمہیں راتوں کو لئے بھاگتی پھرے گی۔ اس نے کہا کہ ابو القاسم کی طرف سے یہ بات تو دِل لگی کے طور پر تھی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اللہ کے دشمن تو جھوٹا ہے۔ آخر حضرت عمرؓ نے اُن کو وہاں سے نکال دیا اور پیداوار میں اُن کا جو حصہ تھا، انہیں اس کی قیمت دے دی۔ کچھ نقد دیا اور کچھ اُونٹ اور سامان یعنی پالان اور رسیاں وغیرہ دئیے۔ حماد بن سلمہ نے بھی عبید اللہ سے اسے روایت کیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ (مالک کی طرح) عبید اللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عمرؓ سے، حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ مگر اس کو حماد نے (حضرت عمرؓ کا واسطہ ہٹا کر روایت کے سلسلہ کو) مختصر کر دیا۔