کتاب 1: باب مَا يَجُوزُ مِنَ الشُّرُوطِ فِي الإِسْلاَمِ وَالأَحْكَامِ وَالْمُبَايَعَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2711
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے مروان اور مِسوَر بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ اُن دونوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: جب (حدیبیہ میں) سہیل بن عمرو نے (صلح نامہ) لکھوایا تو اس وقت سہیل بن عمرو نے نبی ﷺ پر جو شرطیں لگائیں (اُن میں یہ شرط بھی تھی) کہ ہم میں سے جو شخص آپؐ کے پاس آئے گو وہ آپؐ کے دین پر ہی ہو تو آپؐ اُسے ضرور ہماری طرف واپس کریں گے اور ہمارے اور اس کے درمیان دخل نہ دیں گے۔ مومنوں نے اسے بُرا مانا اور اس سے بہت پیچ و تاب کھائے مگر سہیل نے اس کے بغیر (صلح کرنے سے) انکار کردیا۔ اس لئے نبی ﷺ نے یہی اُس کو لکھ دیا اور آپؐ نے اُسی دِن ابوجندلؓ کو اس کے باپ سہیل بن عمرو کی طرف لَوٹا دیا اور اس اَثناء میں جو مرد بھی آپؐ کے پاس آتا آپؐ اسے واپس کر دیتے گو وہ مسلمان ہی ہوتا۔ اور مومن عورتیں ہجرت کرکے آئیں اور حضرت امّ کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیط بھی انہیں عورتوں میں سے تھیں، جو اُن دِنوں (مکہ سے) نکل کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور وہ کنواری تھیں۔ ان کے رشتہ دار آئے۔ نبی ﷺ سے درخواست کرنے لگے کہ آپؐ انہیں واپس کر دیں۔ آپؐ نے انہیں واپس نہیں دیا کیونکہ اللہ نے اُن عورتوں سے متعلق حکم نازل کیا تھا: جب مومن عورتیں تمہارے پاس ہجرت کرکے آئیں تو انہیں اچھی طرح آزما لیا کرو۔ اللہ اُن کے ایمان کو خوب جانتا ہے۔ لیکن اگر تم بھی جان لو کہ وہ مومن عورتیں ہیں تو اُن کو کافروں کی طرف نہ لَوٹائو۔ نہ وہ اُن (یعنی کافروں) کے لئے جائز ہیں ؛ اور نہ وہ (کافر) ان عورتوں کے لئے جائز ہیں۔
صحیح بخاری 2712

صحیح بخاری 2713
عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ عورتوں کو یٰاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اِذَا جَآئَ کُمُ الْمُؤْمِنٰتُ مُھٰجِرَاتٍ فَامْتَحِنُوْھُنَّ… کی آیت کی بناء پر آزمایا کرتے تھے۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اُن (عورتوں) میں سے جو شرائط مان لیتی؛ رسول اللہ ﷺ اُس سے فرماتے: میں نے تجھ سے بیعت لے لی ہے۔ یہ بات آپؐ اس سے زبان ہی سے کہتے اور بخدا آپؐ کا ہاتھ بیعت کے وقت کبھی کسی عورت کے ہاتھ سے نہ چھوتا اور عورتوں سے صرف اپنی زبان سے بیعت لے لیتے۔
صحیح بخاری 2714
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زیاد بن علاقہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے جریر (بن عبداللہ بجلی) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی تو آپؐ نے مجھ پر یہ شرط بھی عائد کی کہ ہر ایک مسلمان کی خیر خواہی بھی کرنی ہوگی۔
صحیح بخاری 2715
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قیس بن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے نماز سنوار کر پڑھنے، زکوٰۃ دینے اور ہر ایک مسلمان کے لئے خیر خواہی کرنے کی بیعت کی۔