کتاب 13: باب الشُّرُوطِ فِي الْوَلاَءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2729
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں: بریرہؓ میرے پاس آئی، کہنے لگی کہ میں نے اپنے مالکوں سے اپنی آزادی کے لئے نَواوقیہ ادا کرنے پر تحریری معاہدہ کرلیا ہے اور ہر سال میں ایک اوقیہ ادا کروں گی۔ اس لئے آپؓ میری مدد کریں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: اگر وہ (یعنی مالک) پسند کریں کہ میں ان کو (نَو اوقیہ ابھی) نقد ادا کردوں، اس شرط پر کہ تمہارا ترکہ میرا ہوگا؛ تو میں نقد دے دوں گی۔ بریرہؓ اپنے مالکوں کے پاس گئی اور ان سے ساری بات کہہ دی لیکن انہوں نے بات نہ مانی۔ جب وہ وہاں سے واپس آئی تو اُس وقت رسول اللہ ﷺ تشریف فرما تھے۔ اس نے (حضرت عائشہؓ سے) کہا: میں نے تو اُن کے سامنے (آپؓ کی) یہ بات پیش کردی تھی لیکن انہوں نے منظور نہیں کی؛ بجز اس کے کہ ترکہ انہی کا ہو۔ نبی ﷺ نے یہ بات سنی (تو دریافت فرمایا۔) حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے سارا واقعہ بیان کردیا۔ آپؐ نے فرمایا: بریرہؓ کو خرید لو اور انہیں رہنے دو۔ وہ حق وراثت کی شرط کیا کریں۔ حق وراثت تو اس کے لئے ہوتا ہے جو آزاد کرے۔ حضرت عائشہؓ نے ایسا ہی کیا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے، آپؐ نے اللہ کی حمد بیان کی اور تعریف کی؛ پھر فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ ایسی شرطیں لگاتے ہیں جو اللہ کی کتاب میں نہیں پائی جاتیں۔ جو شرط بھی ایسی ہوگی کہ اللہ کی کتاب میں نہیں تو وہ باطل ہوگی؛ گو سو شرطیں ہوں۔ اللہ کا فیصلہ ہی اس بات کا مستحق ہے کہ اس پر عمل کیا جائے اور اللہ کی شرط ہی زیادہ مضبوط ہے۔ حق وراثت اسی کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔