کتاب 17: باب الْمُكَاتَبِ وَمَا لاَ يَحِلُّ مِنَ الشُّرُوطِ الَّتِي تُخَالِفُ كِتَابَ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2735
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحیی نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ اُن کے پاس بریرہؓ آئیں جو اپنی کتابت کے بارے میں اُن سے کچھ مدد مانگتی تھیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: اگر تم چاہو تو مَیں (تمہارے معاہدہ کے مطابق رقم) تمہارے مالکوں کو دے دیتی ہوں مگر حق وراثت میرا ہوگا۔ جب رسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ نبیﷺ نے فرمایا: تم اُسے خرید لو پھر اُسے آزاد کردو۔ کیونکہ حق وراثت اُسی کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: اُن لوگوں کا کیا حال ہے جو ایسی شرطیں کرتے ہیں کہ وہ اللہ کی کتاب میں نہیں۔ جو شخص ایسی شرط کرے گا جو اللہ کی کتاب میں نہیں تو وہ (شرط) اُس کے لئے (مفید) نہ ہوگی؛ گو وہ سَو شرطیں کرے۔