کتاب 1: باب الْوَصَايَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2738
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی مسلمان کو جس کے پاس کوئی ایسی چیز ہو کہ اُس میں اُسے وصیت کرنی چاہیے، مناسب نہیں کہ وہ دو راتیں بغیر وصیت تحریر کردینے کے گزارے۔ (مالک کی طرح) محمد بن مسلم نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے یہی روایت کی۔
صحیح بخاری 2739
ابراہیم بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن ابی بکیر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) زہیر بن معاویہ جعفی نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق (عمروبن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن حارث سے روایت کی جو رسول اللہ ﷺ کے برادر نسبتی یعنی حضرت جویریہؓ بنت حارث کے بھائی تھے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی وفات کے وقت نہ درہم چھوڑا، نہ دینار، نہ غلام، نہ لونڈی، نہ کوئی اور چیز، سوائے اپنے ایک سفید خچر کے اور اپنے ایک ہتھیار کے اور کچھ زمین کے جس کو آپؐ وقف کر گئے تھے۔
صحیح بخاری 2740
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا، جو مِغْوَل کے بیٹے تھے۔ (انہوں نے کہا:) طلحہ بن مصرف نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن ابی ادفیٰ رضی اللہ عنہما سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے بھی وصیت کی تھی؟ تو انہوں نے کہا: نہیں۔ میں نے کہا: پھر لوگوں پر کیسے وصیت فرض کی گئی یا (یہ کہا کہ) انہیں وصیت کا حکم کیسے دیا گیا؟ حضرت عبداللہؓ نے کہا: آپؐ نے کتاب اللہ پر عمل کرنے کی وصیت کی ہے۔
صحیح بخاری 2741
عمرو بن زُرارہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل (بن علیہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے، ابن عون نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود (بن یزید) سے روایت کی، کہا کہ (بعض لوگوں) نے حضرت عائشہ کے پاس یہ ذکر کیا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہما (نبی ﷺ کے) وصی تھے۔ انہوں نے کہا: آپؐ نے اُن کو کب وصی بنایا تھا، بحالیکہ میں تو آپؐ کو وفات کے وقت اپنے سینے سے سہارا دئیے ہوئے تھی۔ یا کہا: اپنی گود میں لئے ہوئے تھی۔ آپؐ نے طشت منگوایا اور میری گود ہی میں آپؐ جھک گئے اور مجھے پتہ ہی نہ لگا کہ آپؐ فوت ہوگئے ہیں۔ تو آپؐ نے علیؓ کے حق میں کب وصیت کی تھی؟