کتاب 2: باب أَنْ يَتْرُكَ وَرَثَتَهُ أَغْنِيَاءَ خَيْرٌ مِنْ أَنْ يَتَكَفَّفُوا النَّاسَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2742
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہم سے سفیان (بن عیینہ) نے بیان کیا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے عامر بن سعد سے اور عامر نے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبیﷺ میری عیادت کے لئے آئے۔ اُن دِنوں میں مکہ میں تھا اور آپؐ ناپسند فرماتے تھے کہ کوئی اُس زمین میں فوت ہو جس سے وہ ہجرت کر چکا ہو۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ عفراء کے بیٹے پر رحم کرے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں اپنے سارے مال کی وصیت کر دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: آدھا۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: تہائی۔ آپؐ نے فرمایا: تہائی سہی اور تہائی بھی بہت ہے۔ تم اگر اپنے وارثوں کو دولت مند چھوڑو تو یہ اِس سے بہتر ہے کہ تم اُن کو ایسا محتاج چھوڑو کہ وہ لوگوں کے سامنے اپنے ہاتھ پھیلاتے پھریں اور جو خرچ بھی تم کرو گے تو وہ صدقہ ہی ہوگا۔ یہاں تک کہ وہ لقمہ جو تم اُٹھا کر اپنی بیوی کے منہ میں ڈالو (وہ بھی صدقہ ہی ہے۔) اور عین ممکن ہے کہ اللہ تمہیں اِس بیماری سے صحت دے کر اُٹھائے اور بعض لوگ تم سے فائدہ حاصل کریں اور بعض کو تمہاری وجہ سے نقصان پہنچے۔ اور اُن دِنوں حضرت سعدؓ کی صرف ایک ہی بیٹی تھی۔