کتاب 3: باب الْوَصِيَّةِ بِالثُّلُثِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2743
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ (تہائی سے بھی کچھ کم یعنی) چوتھائی حصہ مال کی وصیت کریں (تو بہتر ہے۔) کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اِرشاد فرمایا ہے: تہائی کی وصیت کرو اور تہائی بھی بہت ہے، یا یہ (فرمایا) کہ تہائی بڑا حصہ ہے۔
صحیح بخاری 2744
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ زکریا بن عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مروان (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہاشم بن ہاشم سے، ہاشم نے عامر بن سعد سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت سعد بن ابی وقاص)ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں بیمار ہوگیا تو نبی ﷺ میری بیمار پرسی کیلئے تشریف لائے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ سے دعا کریں کہ وہ مجھے اُلٹے پائوں واپس نہ کرے۔ (یعنی مکہ میں نہ مارے۔) آپؐ نے فرمایا: امید ہے کہ اللہ تمہیں (اِس بیماری سے صحت دے کر) اُٹھائے گا اور تمہارے ذریعہ کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ میں نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ وصیت کروں اور میری صرف ایک ہی بیٹی ہے۔ میں نے کہا: میں نصف کی وصیت کرنا چاہتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: نصف تو بہت ہے۔ میں نے عرض کی: اچھا تہائی کی کروں؟ فرمایا: تہائی سہی اور تہائی بھی بہت ہے۔ (راوی کو شک ہے کہ مفہوم ’’بہت‘‘ کیلئے حضور ﷺ نے لفظ کَثِیْرٌ اِستعمال فرمایا یا کَبِیْرٌ) حضرت سعدؓ کہتے تھے: پھر لوگ تہائی کی وصیت کرنے لگے اور یہ اُن کیلئے جائز ہوگیا۔