کتاب 4: باب قَوْلِ الْمُوصِي لِوَصِيِّهِ تَعَاهَدْ وَلَدِي وَمَا يَجُوزُ لِلْوَصِيِّ مِنَ الدَّعْوَى
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2745
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے نبیؐ کی حرم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاص کو یہ وصیت کی تھی کہ زمعہ کی لونڈی کا بیٹا میرا ہے، اُسے لے کر اپنے پاس لے رکھنا۔ جس سال مکہ فتح ہوا تو سعدؓ نے اُسے لے لیا اور کہنے لگے: یہ میرا بھتیجا ہے۔ (میرے بھائی نے) اِس کی نسبت مجھے وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہ کھڑے ہوگئے اور انہوں نے کہا: یہ میرا بھائی ہے اور میرے باپ کی لونڈی کا بیٹا ہے۔ میرے باپ کے بستر سے پیدا ہوا۔ تب دونوں مقدمہ فیصلہ کے لئے رسول اللہؐ کے پاس لائے۔ سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ میرے بھائی نے مجھے اس کی بابت وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہ نے کہا: یہ میرا بھائی ہے اور میرے باپ کی لونڈی کا بیٹا ہے۔ رسول اللہؐ نے فرمایا: عبد بن زمعہ یہ لڑکا تیرے سپرد ہے کیونکہ بچہ اُسی کو ملتا ہے جس کی عورت ہو اور زانی کو پتھر پڑتے ہیں۔ پھر سودہؓ بنت زمعہ سے آپؐ نے فرمایا: تم اس سے پردہ کیا کرو۔ کیونکہ آپؐ نے اُس کی شکل و شباہت عتبہ سے ملتی جلتی دیکھی۔ چنانچہ اُس لڑکے نے بھی حضرت سودہؓ کو پھر کبھی نہیں دیکھا، یہاں تک کہ وہ اللہ سے جا ملا۔