کتاب 9: بَابُ تَأْوِيلِ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ يُوصِي بِهَا أَوْ دَيْنٍ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2750
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ اَوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب اور عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ حضرت حکیم بن حزامؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے مانگا تو آپؐ نے مجھے دیا۔ پھر میں نے مانگا تو آپؐ نے مجھے دیا۔ پھر آپؐ نے مجھ سے فرمایا: حکیم! یہ مال (دیکھنے میں) خوشنما اور (مزے میں) شیریں ہے۔ جس کسی نے اِسے سیر چشمی سے لیا اُس کے لئے تو اس میں برکت دی جاتی ہے، اور جس نے جان جوکھوں میں ڈال کر اور للچا للچا کر لیا اُس کے لئے اِس میں کبھی برکت نہیں ڈالی جائے گی۔ اور وہ اُس شخص کی طرح ہے جو کھاتا ہے اور سیر نہیں ہوتا۔ اور اونچا ہاتھ نچلے ہاتھ سے بہتر ہوتا ہے۔ حضرت حکیمؓ کہتے تھے: میں نے کہا: یارسول اللہ! اُسی ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا! میں آپؐ کے بعد کسی سے بھی کوئی چیز نہیں لوں گا؛ یہاں تک کہ دنیا سے جدا ہو جائوں۔ اور حضرت ابوبکرؓ حضرت حکیمؓ کو بلایا کرتے تھے کہ انہیں وظیفہ دیں تو وہ اِنکار کر دیتے تھے کہ اُن سے کچھ لیں۔ پھر حضرت عمرؓ نے بھی اُن کو بلایا کہ انہیں وظیفہ دیں۔ مگر انہوں نے اُس کے لینے سے اِنکار کر دیا۔ تو (حضرت عمرؓ نے) کہا: اے مسلمانوں کی جماعت! دیکھو میں ان کے سامنے ان کا حق پیش کرتا ہوں جو اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے اس غنیمت سے (ان کے حصے میں) مقرر کیا ہے مگر یہ اس کے لینے سے اِنکار کرتے ہیں۔ چنانچہ حضرت حکیمؓ نے نبی ﷺ کے بعد لوگوں میں سے کسی سے بھی کچھ نہیں لیا یہاں تک کہ وہ فوت ہوگئے۔ اللہ اُن پر رحم کرے۔
صحیح بخاری 2751
بشر بن محمد سختیانی نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: تم میں سے ہر کوئی نگہبان ہے اور جس چیز کی وہ نگہبانی کر رہا ہے، اُس کے متعلق اُس سے پوچھا جائے گا۔ اور اِمام بھی ایک نگہبان ہے۔ اُس سے بھی اُس کے ماتحت لوگوں کے متعلق پوچھا جائے گا۔ اور مرد اپنے گھر والوں میں ایک نگہبان ہے اور اُس سے بھی اپنے خاندان کے متعلق پوچھا جائے گا۔ اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر میں نگہبان ہے اور اُس سے بھی اپنے گھر والوں کے متعلق پوچھا جائے گا۔ اور خادم بھی اپنے آقا کے مال میں نگہبان ہے اور اُس کو بھی اُس کی اشیاء زیر نگرانی کے متعلق پوچھا جائے گا۔ (حضرت ابن عمرؓ) کہتے تھے: اور میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا کہ مرد اپنے باپ کے مال کا نگہبان ہے۔