کتاب 11: باب هَلْ يَدْخُلُ النِّسَاءُ وَالْوَلَدُ فِي الأَقَارِبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2753
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: جب اللہ عزوجل نے یہ آیت نازل کی: اپنے قریبی رشتہ داروں کو ہوشیار اور متنبہ کرو تو رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: اے قریش کے لوگو! یا ایسا ہی کوئی اور کلمہ، تم دنیا کو چھوڑ دو اور خدا کے دین کو قبول کر لو۔ (یاد رکھو) میں اللہ کے حضور تمہارے کچھ کام نہیں آسکتا۔ اے عبد مناف کے بیٹو! میں اللہ کے حضور تمہارے کچھ کام نہیں آسکتا۔ اے عبد المطلب کے بیٹے عباس! میں اللہ کے سامنے تمہارے کچھ کام نہیں آسکتا۔ اے صفیہ! جو رسول اللہ ﷺ کی پھوپھی ہو؛ میں اللہ کے حضور تمہارے کچھ کام نہیں آسکتا۔ اے فاطمہ! جو محمد ﷺ کی بیٹی ہے تو میرے مال سے جو چاہے مانگ لے؛ میں اللہ کے حضور تیرے کچھ کام نہیں آسکتا۔ (ابوالیمان کی طرح) اصبغ نے بھی یہی حدیث ابن وہب سے روایت کی۔ ابن وہب نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بیان کی۔