کتاب 12: باب هَلْ يَنْتَفِعُ الْوَاقِفُ بِوَقْفِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2754
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس ص سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جو قربانی کا اُونٹ ہانکے لئے جا رہا تھا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ تو اُس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ اُونٹ تو قربانی کا ہے۔ آپؐ نے تیسری یا چوتھی بار فرمایا: تجھ پر افسوس! اس پر سوار ہو جاؤ۔ (راوی کو شک ہے کہ اِظہار ناراضگی کیلئے آنحضرت ﷺ نے لفظ وَیْلَکَ استعمال کیا یا وَیْحَکَ فرمایا۔)
صحیح بخاری 2755
اسماعیل (بن ابی اَویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جو قربانی کا اُونٹ ہانکے لئے جا رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اِس پر سوار ہوجاؤ۔ تو اُس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ اُونٹ تو قربانی کا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تجھ پر افسوس! اس پر سوار ہوجاؤ۔ دوسری یا تیسری بار یہ فرمایا۔