کتاب 17: باب مَنْ تَصَدَّقَ إِلَى وَكِيلِهِ ثُمَّ رَدَّ الْوَكِيلُ إِلَيْهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2758
اور اسماعیل نے کہا: عبد العزیز بن عبداللہ بن ابی سلمہ نے مجھے بتایا کہ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) میں یہی جانتا ہوں کہ یہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ حضرت انسؓ نے کہا: جب یہ آیت اُتری: تم کامل نیکی کو اس وقت تک نہیں پا سکو گے جب تک کہ تم اپنی پیاری چیزوں میں سے خرچ نہ کرو۔ تو ابو طلحہؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے عرض کیا۔ یا رسول اللہ! اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی کتاب میں فرماتا ہے: تم نیکی کو ہر گز نہیں پا سکو گے، جب تک تم ان چیزوں کو نہ خرچ کرو جن سے تم محبت رکھتے ہو۔ اور میری جائیداد میں سے سب سے پیارا مال مجھے بیرحاء ہے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہ ایک باغ تھا جس میں رسول اللہ ﷺ جایا کرتے تھے اور وہاں سایہ میں بیٹھا کرتے اور پانی پیا کرتے۔ (حضرت ابو طلحہؓ نے کہا:) وہ باغ اللہ عزوجل اور اس کے رسول ﷺ کے سپرد ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ ایک نیکی ہوگی اور میرے لئے ذخیرئہ آخرت ہوگا۔ اس لئے اے اللہ کے رسول! اسے جہاں اللہ تعالیٰ آپؐ کو سمجھائے خرچ کیجئے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شاباش ابو طلحہ! یہ مال فائدہ مند ہے۔ ہم نے اس کو تم سے قبول کیا اور تمہارے پاس ہی اس کو واپس کر دیا۔ پس اپنے قریبیوں کو دے دو۔ چنانچہ حضرت ابو طلحہؓ نے اپنے رشتہ داروں کو وہ باغ بطور صدقہ کے دے دیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ ان میں سے اُبیّؓ اور حسانؓ (بن ثابت) بھی تھے اور یہ بھی کہتے تھے کہ حسانؓ نے اپنا حصہ معاویہؓ کے پاس بیچ دیا تو ان سے کہا گیا: کیا تم ابو طلحہؓ کا صدقہ بیچتے ہو۔ انہوں نے جواب دیا: (یہ ایسا نفع مند سودا ہے) کیا میں کھجور کے ایک صاع کو درہموں کے ایک صاع کے بدلے نہ بیچوں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اور وہ باغ بنی حُدَیلہ کے محل کے پاس تھا؛ جسے معاویہؓ نے بنایا تھا۔