کتاب 21: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَآتُوا الْيَتَامَى أَمْوَالَهُمْ وَلاَ تَتَبَدَّلُوا الْخَبِيثَ بِالطَّيِّبِ وَلاَ تَأْكُلُوا أَمْوَالَهُمْ إِلَى أَمْوَالِكُمْ إِنَّهُ كَانَ حُوبًا كَبِيرًا وَإِنْ خِفْتُمْ أَنْ لاَ تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى فَانْكِحُوا مَا طَابَ لَكُمْ مِنَ النِّسَاءِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2763
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے، انہوں نے کہا کہ عروہ بن زُبیر بیان کرتے تھے کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: وَاِنْ خِفْتُمْ اَنْ لَّا تُقْسِطُوْا فِي الْیَتٰمٰی فَانْکِحُوْا مَا طَابَ لَکُمْ مِّنَ النِّسَائِ کے کیا معنی ہیں؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: اس سے مراد ایسی یتیم لڑکی ہے جو اپنے سرپرست کی پرورش میں ہو اور وہ اس کی خوبصورتی اور مال کی وجہ سے خواہش رکھتا ہو کہ اس سے شادی کر لے، اس مہر سے کم دے کر جو عام طور پر اس جیسی عورتوں کو دینے کا رواج ہے۔ اس لئے انہیں ایسی یتیم لڑکیوں کو اپنے نکاح میں لانے سے روک دیا گیا؛ سوائے اس کے کہ وہ پورا مہر دے کر ان کے ساتھ انصاف سے پیش آئیں اور انہیں ان یتیم لڑکیوں کے سوا اَور عورتوں کے ساتھ نکاح کرنے کا حکم دیا گیا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: پھر لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کے بعد اس بارے میں فتویٰ طلب کیا تو اللہ عزوجل نے یہ وحی نازل کی وَیَسْتَفْتُوْنَکَ فِي النِّسَائِ یعنی یہ لوگ تجھ سے (ایک سے زیادہ) عورتوں (کے ساتھ نکاح) کی نسبت فتویٰ دریافت کرتے ہیں۔ تو کہہ دے کہ اللہ تم کو ان کے بارے میں فتویٰ دیتا ہے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں یہ کھول کر بیان کر دیا ہے کہ یتیم لڑکی اگر خوبصورت اور مالدار ہو تو وہ اس کے نکاح کی خواہش کرتے ہیں اور جو رواج اس کو دینے کا ہے اس کے مطابق اس کو پورا مہر نہیں دیتے اور اگر مال کی کمی اور خوبصورتی کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کو اس کی خواہش نہ ہو تو اس کو چھوڑتے اور دوسری عورت کی تلاش کرتے ہیں۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: چونکہ لوگ ایسی یتیم لڑکی کو جبکہ وہ ان کو ناپسند ہوتی ہے چھوڑ دیتے ہیں اس لئے ان کا حق نہیں کہ وہ یتیم لڑکی جو انہیں پسندیدئہ خاطر ہو، اس سے نکاح کریں سوائے اس کے کہ انصافاً جو زیادہ سے زیادہ مہر دے سکتے ہوں اس کو دے دیں اور جو اس کے حقوق ہیں وہ بھی اسے دیں۔