کتاب 22: باب وَمَا لِلْوَصِيِّ أَنْ يَعْمَلَ فِي مَالِ الْيَتِيمِ، وَمَا يَأْكُلُ مِنْهُ بِقَدْرِ عُمَالَتِهِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 2764

حَدَّثَنَا هَارُونُ حَدَّثَنَا أَبُو سَعِيدٍ مَوْلَى بَنِي هَاشِمٍ حَدَّثَنَا صَخْرُ بْنُ جُوَيْرِيَةَ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ عُمَرَ تَصَدَّقَ بِمَالٍ لَهُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَكَانَ يُقَالُ لَهُ ثَمْغٌ وَكَانَ نَخْلاً فَقَالَ عُمَرُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي اسْتَفَدْتُ مَالاً وَهُوَ عِنْدِي نَفِيسٌ فَأَرَدْتُ أَنْ أَتَصَدَّقَ بِهِ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " تَصَدَّقْ بِأَصْلِهِ لاَ يُبَاعُ وَلاَ يُوهَبُ وَلاَ يُورَثُ وَلَكِنْ يُنْفَقُ ثَمَرُهُ ". فَتَصَدَّقَ بِهِ عُمَرُ فَصَدَقَتُهُ ذَلِكَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَفِي الرِّقَابِ وَالْمَسَاكِينِ وَالضَّيْفِ وَابْنِ السَّبِيلِ وَلِذِي الْقُرْبَى وَلاَ جُنَاحَ عَلَى مَنْ وَلِيَهُ أَنْ يَأْكُلَ مِنْهُ بِالْمَعْرُوفِ أَوْ يُوكِلَ صَدِيقَهُ غَيْرَ مُتَمَوِّلٍ بِهِ.

ہارون بن اشعث نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں ابو سعید نے جو بنی ہاشم کے آزاد کردہ غلام تھے، بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں صخر بن جویریہ نے نافع سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت عمر ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں اپنی ایک جائیداد صدقہ میں دے دی جسے ثمغ کہتے تھے اور وہ کھجور کا باغ تھا۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے ایک مال حاصل کیا ہے وہ میرے نزدیک بہت عمدہ ہے۔ میں نے ارادہ کیا ہے کہ اس کو صدقہ میں دے دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اصل مال کو اس شرط پر صدقہ میں دے دو کہ وہ نہ بیچا جائے اور نہ ہبہ کیا جائے نہ ورثہ میں دیا جائے بلکہ اس کے پھل کو خرچ کیا جائے۔ چنانچہ حضرت عمر ؓ نے اسے صدقہ میں دے دیا اور ان کا صدقہ اللہ کی راہ میں، غلاموں کے آزاد کرنے میں اور مسکینوں، مہمانوں، مسافروں اور رشتہ داروں کے لئے وقف تھا اور جو اس کا نگران ہو اس کے لئے جائز ہے کہ وہ اس میں مناسب طور پر دستور کے مطابق خود کھائے یا اپنے دوست کو کھلائے۔ مگر یہ نہ ہو کہ اپنے لئے اس میں سے مال جمع کرے۔

صحیح بخاری 2765

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها – {وَمَنْ كَانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ وَمَنْ كَانَ فَقِيرًا فَلْيَأْكُلْ بِالْمَعْرُوفِ}. قَالَتْ أُنْزِلَتْ فِي وَالِي الْيَتِيمِ أَنْ يُصِيبَ مِنْ مَالِهِ إِذَا كَانَ مُحْتَاجًا بِقَدْرِ مَالِهِ بِالْمَعْرُوفِ.

عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ (عروہ) سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں کہ یہ آیت وَمَنْ کَانَ غَنِیًّا۔۔۔ یعنی جو حاجت مند نہ ہو، اسے چاہیے کہ وہ (اس مال کے استعمال سے) کلی طور پر اجتناب کرے لیکن جو نادار ہو وہ مناسب طور پر (اس مال میں سے) کھائے؛ یتیم کے متولی کے بارے میں نازل ہوئی کہ اگر وہ حاجت مند ہو تو اس کے مال سے بقدرِ حاجت مناسب طور پر اندازہ کرکے لے لے۔

10 von 10 heute frei