کتاب 26: باب إِذَا وَقَفَ أَرْضًا وَلَمْ يُبَيِّنِ الْحُدُودَ فَهْوَ جَائِزٌ، وَكَذَلِكَ الصَّدَقَةُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2769
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابوطلحہؓ مدینہ میں تمام انصاریوں سے کھجوروں کے باغ زیادہ رکھتے تھے اور ان کو سب سے زیادہ پیاری جائیداد بیرحاء کا باغ تھا۔ جو مسجد کے سامنے تھا اور نبی ﷺ اس میں آیا کرتے تھے اور وہاں کا صاف ستھرا پانی پیا کرتے تھے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جب یہ آیت اُتری کہ تم کامل نیکی کو اُس وقت تک نہیں پاسکو گے جب تک کہ تم اپنی پیاری چیزوں میں سے خرچ نہ کرو۔ ابوطلحہؓ کھڑے ہوگئے اور کہا: یارسول اللہ! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم نیکی کو ہرگز نہیں پاسکو گے جب تک تم اُن چیزوں کو نہ خرچ کرو جن سے تم محبت رکھتے ہو۔ اور میری جائیداد میں سے مجھے سب سے پیارا باغ بیرحاء ہے اور وہ اللہ کیلئے صدقہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ مقبول نیکی ہوگی اور اللہ تعالیٰ کے حضور بطور ذخیرہ کے ہوگی۔ اس لئے جہاں اللہ تعالیٰ آپؐ کو سمجھائے، وہاں اسے خرچ کریں۔ آپؐ نے فرمایا: شاباش! یہ فائدہ دینے والا مال ہے یا فرمایا: ہمیشہ رہنے والا مال ہے۔ ابن مسلمہ نے اس بارے میں شک کیا (کہ آنحضرتؐ نے ان دونوں الفاظ رَابِحٌ یا رَایِحٌ میں سے کونسا لفظ استعمال فرمایا) پھر آپؐ نے فرمایا: جو تم نے کہا ہے میں نے سن لیا ہے۔ مَیں مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اسے اپنے قریبیوں میں ہی بانٹ دو۔ ابوطلحہؓ نے کہا: یارسول اللہ! حضور کے ارشاد کی تعمیل میں ایسے ہی کئے دیتا ہوں۔ چنانچہ ابوطلحہؓ نے اس باغ کو اپنے قریبیوں اور اپنے چچا کے بیٹوں میں تقسیم کردیا۔ اسمٰعیل (بن ابی اویس)، عبداللہ بن یوسف اور یحيٰ بن یحيٰ نے مالک سے روایت کرتے ہوئے (رَابِحٌ کی جگہ) رَایِحٌ نقل کیا۔
صحیح بخاری 2770
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ رَوح بن عبادہ نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) زکریا بن اسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے کہا کہ میری ماں فوت ہوگئی ہے تو کیا میرا اس کی طرف سے صدقہ دینا اسے نفع دے گا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اس نے کہا: میرا کھجوروں کا ایک باغ ہے اور میں آپؐ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے اپنی ماں کی طرف سے وہ صدقہ میں دے دیا۔